Connect with us

اسرائیل کی تباہی میں اتنا وقت باقی ہے

  • دن
  • گھنٹے
  • منٹ
  • سیکنڈز

Palestine

عالمی برادری غزہ میں تشدد کے خاتمے میں اپنا کردار ادا کرے، تحفظ اقصیٰ ریلی

 اسرائیلی دہشتگردی کیخلاف اور فلسطینی مسلمانوں کیساتھ اظہار یکجہتی کیلئے تحفظ ناموس رسالت محاذ کے زیراہتمام داتا دربار سے ناصر باغ تک ”تحفظ اقصیٰ ریلی“ نکالی گئی جس میں مختلف سنی مدارس، تنظیمات کے ہزاروں افراد نے شرکت کی اور مظلوم فلسطینی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کیا اور اسرائیلی جارحیت کیخلاف شدید نعرے بازی کی۔ ریلی سے خطاب کرتے تحفظ ناموس رسالت محاذ کے چیئرمین و ناظم اعلیٰ جامعہ نعیمیہ علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے کہا کہ عالمی برادری غزہ میں تشدد کے خاتمے میں اپنا کردار ادا کرے، اسرائیل فلسطینیوں کا قتل عام بند کرے، غزہ میں فوری جنگ بندی کی جائے۔ غزہ پر حملے میں بچے، خواتین اور بزرگوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، غزہ کے لوگوں کو اسرائیلی جبر سے نجات دلائیں اور انہیں بین الاقوامی تحفظ فراہم کیا جائے، اسرائیل کو جنگی جرائم کا مجرم قرار دیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ حماس، اسرائیل جنگ میں مغرب کا دہرا معیار افسوسناک ہے۔ مسلم ممالک کو نیٹو طرز پر اپنی مسلم فورس بنانی چاہئے جو کہ کفار کی جارحیت کو روک سکے۔ تحفظ ناموس رسالت کے صدر پیر رضائے مصطفی نقشبندی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہسپتالوں اور بچوں کو فوری تحفظ فراہم کیا جانا چاہئے، ہم فوری طور پر انسانی بنیادوں پر غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہیں، اسرائیل کو غزہ میں الشفا ہسپتال کی حفاظت ہر صورت یقینی بنانا ہو گا۔ جامعہ نظامیہ کے ناظم اعلیٰ علامہ صاحبزادہ عبدالمصطفیٰ ہزاوری نے اپنے خطاب میں کہا کہ مسلم حکمرانوں کیلئے فیصلہ کن لمحات آن پہنچے ہیں، عوام اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ کر کے اسرائیل کو مظالم بند کرنے پر مجبور کر سکتی ہے۔

ریلی سے مولانا محمد علی نقشبندی، میاں خالد حبیب الہٰی ایڈووکٹ، علامہ عبداللہ ثاقب، علامہ عمران الحسن فاروقی، علامہ ذوالفقار احمد ہاشمی، مولانا پیر محمد حفیظ اظہر، مفتی محمد عمران حنفی، علامہ طاہر شہزاد سیالوی، علامہ ممتاز ربانی، مولانا راحت عطاری، مفتی نعیم جاوید نوری، مفتی انتخاب احمد نوری، علامہ احسان الحق صدیقی، سردار طاہر ڈوگر، مولانا شفقت علی یوسفی سمیت دیگر علمائے اہلسنت نے بھی شرکت کی۔ ناظم اعلیٰ جامعہ نعیمیہ علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ اسرائیل کے تمام صیہونی شہری عسکری طور پر تربیت یافتہ اور قابض فوج کا حصہ ہیں، وہ غزہ کا مکمل محاصرہ کر چکے ہیں اور جنگ کا باقاعدہ حصہ ہیں، غزہ کے بیس لاکھ سے زائد شہریوں کو اشیاء خور و نوش، ادویات، بجلی گیس اور پانی سمیت تمام بنیادی ضروریاتِ زندگی کی ترسیل روک دی گئی ہے۔ بدقسمتی سے مسلمان ملک مصر، غزہ کے محاصرے میں اسرائیل کا ہاتھ بٹا رہا ہے، مغربی ممالک کے حکمران اور میڈیا دن رات ہر سطح پر اور ہر طریقے سے اسرائیل کی بھرپور مدد کر رہے ہیں۔

میاں خالد حبیب الٰہی ایڈووکیٹ نے کہاکہ فلسطینی بھائیوں کی مدد کیلئے جہاد والا راستہ اپنایا جائے۔ فلسطینیوں کی حمایت، قیامت تک اسلام کی بقاء صرف جہاد فی سبیل اللہ میں ہے۔ امن اور انسانیت کے درس دینے والے فلسطینیوں کے قتل عام پر خاموش ہیں، پورے عالم کفر اپنے ناجائز وجود والے اسرائیل کیساتھ کھڑے ہیں بلکہ کھلے عام ہتھیار فراہم کئے جا رہے ہیں، آج تو انسانیت کسی کو نظر نہیں آ رہی ہے، دنیا بھر میں اس وقت کوئی ملک یا طاقت اسرائیل کی دہشت و بربریت کے ستائے ہوئے ان معصوم لوگوں کی مدد پر آمادہ نہیں۔ مولانا محمد علی نقشبندی نے کہا کہ اسرائیلی مظالم پر خاموشی اختیار کرنا بز دلی ہے، اسرائیلی فضائیہ کے نہتے فلسطینیوں پر حملے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی اور کھلی دہشتگردی ہیں۔ امریکہ اور برطانیہ کی طرف سے اسرائیلی جارحیت کی سرپرستی قابل مذمت ہے۔ اسرائیل کی جانب سے غزہ پر وحشیانہ بمباری کا سلسلہ روکنا چاہئے۔ مسلم حکمرانوں نے بھی اپنی ذمہ داری ادا نہیں کی، انہیں فلسطینیوں کی مدد کی بجائے اپنی اپنی کرسیاں بچانے کی فکر ہے۔

علامہ عبداللہ ثاقب نے کہا کہ مظلوم فلسطینیوں کو جس طرح قتل کیا جا رہا ہے اور ان کے گھروں کو مسمار کیا جا ریا ہے، پوری امت بالخصوص حکمرانوں پر فرض ہے ان کی مدد کیلئے عملی کردار ادا کریں، اقوام متحدہ اور او آئی سی مسلسل کوتاہی کے مرتکب ہو رہے ہیں، ظالمانہ جنگ کو بند کروانا ان کا فرض ہے۔ علامہ طاہر شہزاد سیالوی نے کہا کہ اسرائیل کو انسانوں کے حقوق اور انسانیت کو روندنے کا اختیار کس نے دیا ہے، آزادی کا خواب دیکھنا اور اسے شرمندہ تعبیر کرنے کیلئے جہد مسلسل کرنا نہتے فلسطینیوں اور معتوب کشمیریوں کا واحد گناہ ہے، دنیا بھر کے باضمیر انسان فلسطین میں جاری کشت وخون پر رنجیدہ، سوگوار اور سراپا احتجاج ہیں۔ ریلی کے اختتام پر پیر رضائے مصطفی نقشبندی نے مظلوم فلسطینی مسلمانوں کیلئے خصوصی دعا کرائی۔

Click to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Copyright © 2018 PLF Pakistan. Designed & Maintained By: Creative Hub Pakistan