Connect with us

اسرائیل کی تباہی میں اتنا وقت باقی ہے

  • دن
  • گھنٹے
  • منٹ
  • سیکنڈز

صیہونیزم

ڈاکٹر حسام ابو صفیہ کی حراست برقرار، اپیل مسترد ہونے پر انسانی حقوق تنظیم کی مذمت

رام اللہ – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) مرکز برائے دفاعِ اسیران نے قابض اسرائیل کی سپریم کورٹ کی جانب سے ڈاکٹر حسام ابو صفیہ کی حراست کے خلاف دائر اپیل کو مسترد کیے جانے کے فیصلے کی شدید مذمت کی ہے۔ عدالت نے انہیں کسی مخصوص الزام یا فردِ جرم کے بغیر نام نہاد غیر قانونی جنگجو قانون کے تحت قید رکھنے کو برقرار رکھا ہے۔

مرکز نے منگل کے روز جاری اپنے بیان میں اس بات پر زور دیا کہ یہ فیصلہ بین الاقوامی انسانی قانون کے اصولوں کی صریح خلاف ورزی ہے۔ خاص طور پر جنیوا کنونشنز کے تحت مسلح تنازعات کے دوران طبی عملے کا تحفظ لازم ہے اور ان کی پیشہ ورانہ اور انسانی ذمہ داریاں نبھانے کی پاداش میں انہیں نشانہ بنانا یا من مانی طریقے سے گرفتار کرنا ممنوع ہے۔

بیان میں نشاندہی کی گئی ہے کہ ڈاکٹر حسام ابو صفیہ بدستور نفحہ عقوبت خانے میں تنہائی میں قید ہیں، جہاں انہیں انتہائی سفاک اور توہین آمیز حالات کا سامنا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ انہیں ضروری طبی علاج اور قیدیوں کو حاصل بنیادی حقوق سے بھی محروم رکھا گیا ہے، جو ان کی صحت اور انسانی حالت کے حوالے سے شدید خدشات کو جنم دیتا ہے۔

مرکز نے قابض اسرائیلی حکام پر ان کی زندگی اور سلامتی کی مکمل ذمہ داری عائد کی ہے اور ان کی فوری رہائی، طبی سہولیات کی فراہمی اور طبی و انسانی کارکنوں کے خلاف من مانی گرفتاریوں کی پالیسی ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

مزید برآں مرکز نے عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں، بالخصوص ریڈ کراس کی بین الاقوامی کمیٹی، عالمی ادارہ صحت اور اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری مداخلت کریں اور ان کی رہائی کے لیے دباؤ ڈالیں۔ ساتھ ہی بین الاقوامی قانون کے تحت طبی عملے کو حاصل قانونی تحفظ کے احترام کو یقینی بنائیں۔

واضح رہے کہ قابض اسرائیل کی فورسز نے کمال عدوان ہسپتال کے ڈائریکٹر کو 27 دسمبر سنہ 2024ء کو ہسپتال پر دھاوا بولنے کے بعد گرفتار کیا تھا۔ اس کے بعد سنہ 2025ء کے دوران کئی بار ان کی گرفتاری میں توسیع کی گئی، جس میں سنہ 2025ء کے اکتوبر میں مزید چھ ماہ کی توسیع کا فیصلہ بھی شامل تھا۔

فروری سنہ 2025ء میں ڈاکٹر حسام ابو صفیہ پہلی بار اسرائیلی میڈیا کی جانب سے نشر کی جانے والی ایک ویڈیو میں عقوبت خانے کے اندر بیڑیوں میں جکڑے ہوئے دکھائی دیے تھے، جس پر انسانی حقوق کے حلقوں میں شدید تنقید اور غم و غصے کی لہر دوڑ گئی تھی۔

فلسطینی اعداد و شمار کے مطابق ڈاکٹر حسام ابو صفیہ ان 737 طبی کارکنوں میں شامل ہیں جنہیں قابض اسرائیل نے غزہ کی پٹی پر جنگ شروع ہونے کے بعد سے گرفتار کیا ہے۔ ان گرفتار افراد میں ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل اسٹاف اور نرسنگ کا عملہ بھی شامل ہے۔

Click to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Copyright © 2018 PLF Pakistan. Designed & Maintained By: Creative Hub Pakistan