بیروت – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) لبنانی وزارت صحت نے بتایا ہے کہ گذشتہ 2 مارچ سے ملک پر جاری قابض اسرائیل کی جارحانہ کارروائیوں میں شہید ہونے والے فلسطینی و لبنانی جانثاروں کی کل تعداد بڑھ کر 2167 ہو گئی ہے۔
لبنانی وزارت صحت نے اپنی روزانہ کی رپورٹ میں اس بات کی تصدیق کی ہے کہ 2 مارچ سے اب تک قابض اسرائیل کی اس سفاکیت کے نتیجے میں زخمی ہونے والے مظلوموں کی تعداد بھی بڑھ کر 7061 تک پہنچ چکی ہے۔
قابض اسرائیلی فوج مسلسل آٹھویں روز بھی لبنان پر اپنے وحشیانہ حملے اور فضائی بمباری جاری رکھے ہوئے ہے، حالانکہ امریکہ اور ایران نے رواں ماہ 8 اپریل سنہ 2026ء کو دو ہفتوں کے لیے جنگ بندی کا اعلان کیا تھا۔ اس حوالے سے ایران اور پاکستان کا کہنا تھا کہ اس سیز فائر میں لبنان بھی شامل ہے، جبکہ واشنٹن اور تل ابیب نے اس کی تردید کی ہے۔
یہ تمام تر صورتحال واشنٹن میں لبنان اور قابض اسرائیل کے درمیان ہونے والے ان براہ راست مذاکرات کے ایک روز بعد سامنے آئی ہے جو گذشتہ 43 برسوں میں اپنی نوعیت کے پہلے مذاکرات تھے۔ ڈھائی گھنٹے تک جاری رہنے والی اس گفتگو کے اختتام پر فریقین نے امن مذاکرات شروع کرنے پر اتفاق کیا ہے، جن کے وقت اور جگہ کا تعین بعد میں کیا جائے گا۔
