الخلیل – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) قابض اسرائیلی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل کے مغرب میں واقع قصبے اذنا میں زکوٰۃ کمیٹی کے ہیڈ کوارٹر کو بند کر دیا اور اس کے سربراہ سمیت متعدد ملازمین کو گرفتار کر لیا۔
عینی شاہدین نے تصدیق کی ہے کہ قابض اسرائیلی فوج نے ایک فوجی حکم نامے کے ذریعے وزارت اوقاف کے ماتحت اذنا زکوٰۃ کمیٹی کے دفتر کو مقفل کر دیا اور کمیٹی کے سربراہ غالب طمیزہ، ان کے بیٹے عصام اور دو دیگر شہریوں کو حراست میں لے لیا۔
تفصیلات کے مطابق قابض اسرائیلی فوج نے زکوٰۃ کمیٹی کے رکن تامر ابو جحيشہ کو اپنی انٹیلی جنس کے سامنے پیش ہونے کا حکم دیا اور قصبے میں شہری شاہر ابو جحيشہ کی گاڑی کی توڑ پھوڑ بھی کی۔
واضح رہے کہ قابض اسرائیلی فوج نے گذشتہ روز منگل کو الخلیل شہر میں اسلامک چیریٹیبل سوسائٹی کے ہیڈ کوارٹر کو بھی بند کر دیا تھا اور سابق وزیر اوقاف و سوسائٹی کے سربراہ حاتم البکری کو گرفتار کر لیا تھا، جبکہ اس سے چند روز قبل الخلیل ہی میں ینگ مسلم ایسوسی ایشن کے دفتر کو بھی تالے لگا دیے گئے تھے۔
اس سے قبل بھی قابض صہیونی افواج کئی بار الخلیل میں فلاحی اداروں پر چھاپے مار کر انہیں بند کرنے اور ان کا سامان ضبط کرنے کی کارروائیاں کر چکی ہیں، جو اس شعبے کے خلاف برسوں سے جاری منظم پالیسی کا حصہ ہے۔
