غزہ – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) وزارت صحت فلسطین نے اعلان کیا ہے کہ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران غزہ کی پٹی کے ہسپتالوں میں تین شہداء اور پانچ زخمی لائے گئے ہیں۔ یہ صورتحال اس وقت ہے جب شہری دفاع کے عملے اور ایمبولینسوں کا ملبے تلے دبے اور سڑکوں پر موجود متعدد متاثرین تک پہنچنا تاحال ناممکن بنا ہوا ہے۔
وزارت نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ دس اکتوبر کو جنگ بندی کے بعد سے اب تک شہداء کی تعداد 981 ہو چکی ہے ۔اس کے علاوہ 3,104 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ اس دوران متعلقہ ٹیمیں 783 لاشوں کو ملبے سے نکالنے میں کامیاب ہوئی ہیں۔
وزارت کی جانب سے جاری کردہ مجموعی اعداد و شمار کے مطابق سات اکتوبر سنہ 2023ء سے غزہ کی پٹی پر قابض اسرائیل کی سفاکیت کے نتیجے میں شہداء کی کل تعداد 72,991 اور زخمیوں کی تعداد 173,212 تک پہنچ چکی ہے۔
وزارت نے اس بات پر زور دیا ہے کہ ملبے تلے اور متاثرہ علاقوں میں موجود متعدد متاثرین تک رسائی کا ناممکن ہونا حتمی اعداد و شمار کو اپ ڈیٹ کرنے میں رکاوٹ بنا ہوا ہے جبکہ امدادی ٹیمیں مشکل میدانی حالات کے باوجود اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
