غزہ (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) غزہ کی کراسنگز اور بارڈر اتھارٹی نے اعلان کیا ہے کہ 35 مریضوں کو 38 تیمارداروں کے ہمراہ علاج کی غرض سے رفح سرحدی گزرگاہ کے ذریعے غزہ سے باہر منتقل کر دیا گیا۔
اتھارٹی کے جاری کردہ بیان کے مطابق رفح کراسنگ کے ذریعے مجموعی طور پر 73 افراد غزہ سے روانہ ہوئے، جن میں مریض اور ان کے ہمراہ جانے والے افراد شامل تھے۔ اسی دوران 73 فلسطینی شہری رفح بارڈر کے راستے غزہ واپس بھی پہنچے۔
بیان میں کہا گیا کہ طبی انخلا کے اس عمل کی نگرانی عالمی ادارۂ صحت (WHO) نے کی، جس نے متعلقہ حکام کے تعاون سے مریضوں اور ان کے تیمارداروں کے سفری انتظامات مکمل کیے۔
حکام کے مطابق یہ اقدام ان مریضوں کو خصوصی طبی سہولیات فراہم کرنے کی انسانی ہمدردی کی کوششوں کا حصہ ہے جن کا علاج غزہ میں ممکن نہیں، جبکہ مسلسل جنگ اور محاصرے کے باعث غزہ کا صحت کا نظام شدید دباؤ اور طبی سہولیات کی کمی کا سامنا کر رہا ہے۔