مقبوضہ بیت المقدس – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) فلسطینی محکمہ امور اسیران اور کلب برائے اسیران نے بروز پیر اطلاع دی ہے کہ قابض اسرائیل کی عدالتوں نے خلیل سے تعلق رکھنے والے سابق وزیر اوقاف 62 سالہ شیخ حاتم البکری کی رہائی کا فیصلہ صادر کر دیا ہے۔
محکمہ امور اسیران اور کلب برائے اسیران نے ایک مشترکہ بیان میں ہیئہ کے وکیل کریم عجوہ کے حوالے سے واضح کیا کہ عوفر میں قائم فوجی عدالت نے شیخ حاتم البکری کی گرفتاری کے 6 دن بعد انہیں مالی ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا ہے۔
دونوں اداروں نے بیان کیا کہ عدالت نے آج ایک اجلاس منعقد کیا تھا جس میں شیخ البکری کی حراست میں توسیع پر غور کیا جانا تھا تاکہ ان کے خلاف فردِ جرم پیش کی جا سکے، تاہم ہیئہ کے وکیل کی جانب سے کی گئی بھرپور بحث اور مرافعت کے بعد عدالت نے انہیں مالی ضمانت پر رہا کرنے کا فیصلہ کیا۔
یاد رہے کہ قابض اسرائیل کی افواج نے گذشتہ منگل کو خلیل شہر میں چلائی گئی بڑے پیمانے پر گرفتاریوں کی مہم کے دوران شیخ حاتم البکری کو حراست میں لیا تھا اور اس کے ساتھ ہی خلیل شہر میں واقع اس اسلامی چیریٹیبل سوسائٹی کے صدر دفتر کو بھی بند کر دیا تھا جس کے سربراہ شیخ البکری ہیں۔
