مقبوضہ مغربی کنارہ – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) مقبوضہ مغربی کنارے کے وسطی علاقے رام اللہ کے مشرق میں واقع قصبے دیر دبوان میں اتوار کی شام آبادکاروں نے فلسطینی شہریوں کی گاڑیوں پر حملہ کر کے انہیں نشانہ بنایا۔
مقامی ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ آبادکاروں کے ایک گروہ نے قصبے کے مغربی داخلی راستے پر جمع ہو کر شہریوں کی گاڑیوں پر شدید پتھراؤ کیا جس کے نتیجے میں گاڑیوں کو مالی نقصان پہنچا۔ اس کے ساتھ ساتھ ان شرپسند آبادکاروں نے پل کے نیچے قصبے کا داخلی راستہ بھی بند کر دیا۔
یہ حملہ مغربی کنارے کے مختلف علاقوں میں آبادکاروں کی جانب سے فلسطینیوں پر بڑھتی ہوئی منظم جارحیت اور حملوں کے تسلسل میں کیا گیا ہے۔
دیوارِ فاصل اور آبادکاری کے خلاف مزاحمتی کمیشن کے اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ مارچ کے مہینے کے دوران قابض اسرائیل کی فوج اور آبادکاروں نے مجموعی طور پر 1819 حملے کیے، جن میں سے 1322 حملے قابض اسرائیلی افواج نے جبکہ 497 حملے آبادکاروں نے کیے۔
واضح رہے کہ گذشتہ بدھ کی شام نوجوان عودہ العواودہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جام شہادت نوش کر گئے تھے، وہ دیر دبوان قصبے پر آبادکاروں کے ایک حملے کے دوران شدید زخمی ہوئے تھے۔
