جنین – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) قابض اسرائیل کے حکام نے جنین کے شمال مشرق میں واقع گاؤں الجلمہ کی رہائشی اسیرہ یاسمین تیسیر شعبان کو قابض کے عقوبت خانوں میں 18 ماہ گزارنے کے بعد رہا کر دیا ہے، جبکہ قابض انتظامیہ دسیوں فلسطینی اسیرات کی حراست مسلسل جاری رکھے ہوئے ہے اور ان کے خلاف انتظامی قید کے استعمال میں شدت لا رہی ہے۔
کمیشن برائے امور اسیران نے بتایا کہ قابض ریاست کے عقوبت خانوں میں فلسطینی اسیرات کی تعداد بڑھ کر 88 ہو گئی ہے،ان میں سے 24 فیصد اسیرات کے خلاف انتظامی قید کے احکامات جاری کیے گئے ہیں، خواہ وہ نئے احکامات ہوں یا سابقہ احکامات کی تجدید کے ذریعے ہوں۔
قابض فوج نے شعبان کو 18 مئی سنہ 2025ء کو الجلمہ گاؤں میں ان کے گھر پر چھاپہ مار کر اور تلاشی لے کر دوبارہ گرفتار کر لیا تھا، جو اسی سال جنوری میں تبادلے کے معاہدے کے تحت ان کی رہائی کے چند ماہ بعد سامنے آیا۔
اس سے قبل تیسیر شعبان کو یکم مارچ سنہ 2022ء کو گرفتار کیا گیا تھا اور ان کے خلاف چھ سال کی قید کے ساتھ 8 ہزار شیکل جرمانے کا حکم جاری کیا گیا تھا، اس کے بعد نومبر سنہ 2023ء میں تبادلے کے معاہدے کے تحت انہیں رہا کیا گیا۔
اس کے علاوہ شعبان نے ایک سابقہ گرفتاری کے دوران بھی قابض کے عقوبت خانوں میں پانچ سال گزارے تھے، جو سنہ 2019ء میں ان کی رہائی پر ختم ہوئی تھی، بعد میں انہیں بار بار گرفتاریوں کے سلسلے کا سامنا کرنا پڑا۔
ان کی یہ رہائی قابض حکام کی جانب سے بغیر کسی واضح الزام یا محاکمے کے، نام نہاد خفیہ فائل کی بنیاد پر اور بار بار احکامات کی تجدید کی گنجائش کے ساتھ، فلسطینیوں کے خلاف انتظامی قید کی پالیسی کے تسلسل کے سایے میں سامنے آئی ہے۔
