مقبوضہ مغربی کنارہ – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) قابض اسرائیلی افواج نے ہفتہ کے روز علی الصبح مغربی کنارے کے مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر یلغار کرتے ہوئے گھروں پر چھاپے مارے اور متعدد فلسطینی شہریوں کو گرفتار کر لیا۔
مقامی ذرائع نے بتایا کہ قابض اسرائیلی دستوں نے قلقیلیہ کے شمال مشرق میں واقع قصبے جیوس پر دھاوا بولا اور فوجی حصار کے دوران متعدد گھروں کی تلاشی لے کر گرفتاریوں کا عمل مکمل کیا۔
اسی طرح قابض افواج نے جنین شہر اور اس کے گردونواح میں غیر معمولی فوجی نقل و حرکت کے ساتھ شہر کے علاقے جبل ابو ظہیر پر بھی یلغار کی۔
سلفیت گورنری میں قابض اسرائیلی فوج نے مغربی علاقے میں واقع قصبے بدیا میں گھس کر خوف و ہراس پھیلایا۔
نابلس شہر میں قابض صہیونی دستوں نے مشرقی علاقے پر دھاوا بولا اور مختلف محلوں میں اپنی فوجی نفری تعینات کر دی۔
الخلیل میں قابض اسرائیلی فوج نے مغربی قصبے ترقومیا پر یلغار کی جہاں متعدد گھروں کی حرمت کو پامال کیا گیا جبکہ ایک اور فوجی دستے نے یطا کے مشرقی علاقے تل ماعین میں ایک گھر پر چھاپہ مار کر متعدد اہل خانہ کو حراست میں لے لیا۔
رام اللہ میں قابض صہیونی ریاست کی پشت پناہی حاصل کرنے والے شرپسند آبادکاروں نے شہر کے مشرقی گاؤں طیبہ کے قریب کرامیلو چوراہے پر ایک گاڑی کو آگ لگا دی۔
علاوہ ازیں قابض اسرائیلی دستوں نے البیرہ شہر پر بھی دھاوا بولا اور مختلف محلوں میں فوجی گشت کیا۔
واضح رہے کہ گذشتہ کچھ عرصے سے مغربی کنارے کے شہروں اور بستیوں میں قابض دشمن کی جانب سے ان سفاکانہ چھاپوں اور بلاجواز گرفتاریوں کے سلسلے میں شدید اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
