اسلام آباد (مرکزاطلاعات فلسطین فاوؑنڈیشن) پاکستان کے دارلحکومت اسلام آباد میں فلسطینی عوام سے یکجہتی اور غاصب صہیونی حکومت کے مظالم کو اجاگر کرنے کے لئے تین روزہ ڈیزائن فار فلسطین ورکشاپ جمعہ کے روز 26 اپریل کو اسلام آباد آرٹس گیلری ایف نائن پارک میں شروع ہو گئی ۔ تین روزہ ورکشاپ 27 اور 28 اپریل تک جاری رہے گی۔ ورکشاپ کے اختتام پر اتوار کے روز فن پاروں کی نمائش بھی لگائی جائے گی۔
ڈیزائن فار فلسطین ورکشاپ کا انعقاد فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان اور اسلام آباد آرٹس گیلری سمیت ہنر کدہ کالج کے اشتراک سے کیا گیا ہے۔
ڈیزائن فار فلسطین ورکشاپ کو فلسطینی عوام کے حق واپسی سے منسوب کرتے ہوئے “واپسی قریب ہے” کا عنوان دیا گیا ہے
یکجہتی فلسطین ورکشاپ میں اسلام آباد اور پشاور سمیت مانسہرہ اور دیگر شہروں کے مختلف تعلیمی اداروں میں آرٹس اور فن کی فیکلٹی سے تعلق رکھنے والے ایک سو سے زائد طلباء و طالبات سمیت سینئر آرٹسٹ اور اساتذہ شریک ہیں۔
فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم نے ورکشاپ کے آغاز پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ فن اور آرٹس کی مدد سے پاکستان بھر میں فلسطین کاز سے متعلق آگہی کی مہم جاری ہے۔ پہلے مرحلہ میں کراچی اور دوسرے مرحلہ میں لاہور میں کامیاب ورکشاپ اور تصویری نمائشوں کے انعقاد کے بعد اب تیسرے مرحلہ میں اسلام آباد میں منعقد کی جا رہی ہے۔ جبکہ اگلے مراحل میں پاکستان کے دیگر شہروں میں بھی انعقاد کیا جائے گا اور عوامی آگہی کی مہم جاری رہے گی۔
اس موقع پر کامسیٹ، نمل، انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی سمیت مختلف جامعات کے اساتذہ میں واجد رضا، انور علی، احسان احمد، عمر احمد سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا۔