پاکستان کے شہر کراچی میں سب سے بڑی درس گاہ جامعہ کراچی میں فیکلٹی آف آرٹس اور سوشل سائنسز کی ڈین منتخب ہونے والی پروفیسر ڈاکٹر شائستہ تبسم نے کہا ہے کہ تعلیمی اداروں میں طلباء و طالبات کے لئے مسئلہ فلسطین کے عنوان سے آگہی مہم وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابوم مریم سے ملاقات کے دوران کیا۔ فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے وفد نے ڈاکٹر شائستہ تبسم کو ڈین منتخب ہونے پر مبارک باد پیش کی اور گلدستہ بھی پیش کیا اس موقع پور جامعہ کراچی کے شعبہ کامرس سے تعلق رکھنے والی اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر صدف مصطفی بھی ان کے ہمراہ تھیں۔
ڈاکٹر شائستہ تبسم کاکہنا تھا مسئلہ فلسطین ایک اہم ترین مسئلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین کا مسئلہ ایک اسلامی مسئلہ ہونے کے ساتھ ساتھ انسانی مسئلہ ہے۔یہ ہمارا فرض ہے کہ ہم بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی فکر اور نظریات کے مطابق فلسطینیوں کی مدد کریں۔
انہوں نے فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے کردار اور جدوجہد کو سراہتے ہوئے کہا کہ مسئلہ فلسطین کو نوجوانوں میں اجاگر کرنے کے لئے ضروری ہے کہ تعلیمی اداروں میں ہر سطح پر آگہی پروگرام ترتیب دئیے جائیں۔
فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم نے ڈاکٹر شائستہ تبسم کو مبارک باد پیش کرتے ہو ئے کہا کہ فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان جامعہ کراچی میں مسئلہ فلسطین کے عنوان سے تحقیق کرنے والے طلباء وطالبات کے لئے تحقیقی عنوان سے تعاون کر نے کے لئے تیار ہے۔ اس موقع پر ڈاکٹر شائستہ تبسم نے ا س اقدام پر خراج تحسین پیش کیا۔