کراچی (مرکز اطلاعات فلسطین فاونڈیشن) فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم نے کہا ہے کہ کشمیری حریت رہنما سید علی شاہ گیلانی کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی پریس کلب اور ہیومن رائٹس کونسل کے اشتراک سے سید علی گیلانی کی پہلی برسی کی مناسبت سے کراچی پریس کلب میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
سیمینار سے ہیومن رائٹس کونسل کے صد ر جمشید حسین، معروف کشمیری رہنما بشیر سدوزئی، معروف صحافی علاؤ الدین خانزادہ، عبد الجبار،سابق صدر سپریم کورٹ بار سردار یاسین آزاد،نائب صدر سندھ ہائی کورٹ محمد عزیز خان اور دیگر نے خطاب کیا۔
سید علی گیلانی کی پہلی برسی پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر صابر ابو مریم نے کہا کہ ایک منظم سازش کے تحت کشمیر کے مسئلہ کو فراموش کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے اور کشمیری عوام کو مقبوضہ کشمیر اور آزاد کشمیر میں دیوار سے لگایا جا رہا ہے۔
ان کاکہنا تھا کہ سید علی شاہ گیلانی نے کشمیر کی آزادی کے لئے بے پناہ قربانیاں دی ہیں اور کشمیری عوام کے حق کی خاطر جیل اور قید وبند کی صعوبتیں برداشت کی لیکن ظالم اور جابر بھارتی افواج کے سامنے کبھی سر تسلیم خم نہیں کیا۔
فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ عالمی استعمار امریکہ نے پہلے صدی کی ڈیل نامی منصوبہ کے تحت مسئلہ فلسطین کو فراموش کرنے اور مسلم امہ کے درمیان اس مسئلہ کی اہمیت کو ختم کرنے کی گھناؤنی سازش کی تھی تاہم فلسطینی عوا م کی پائیدار استقامت اور مسلم اقوام کی حمایت کے سبب امریکہ کو شکست کا سامنا کرنا پڑا اور آج اسرائیل فلسطینیوں کے سامنے گھٹنے ٹیکنے پر مجبور ہے۔
ان کاکہنا تھا کہ حکومت سمیت دنیا میں کوئی بھی اگر یہ سمجھتا ہے کہ امریکی ثالثی کے ذریعہ مسئلہ کشمیر کا حل ممکن ہے تو یہ تاریخ کا سب سے بڑا دھوکہ ہو گا۔امریکہ مسائل کا حل نہیں بلکہ مسائل کی جڑ ہے۔
انہوں نے کہاکہ کشمیر کا مسئلہ صرف اور صرف کشمیر کے عوام کی مزاحمت اور مسلح جدوجہد سے ہی حل ہو سکتا ہے۔نام نہاد امن منصوبوں کے نام پر کشمیر پر سودے بازی کی جارہی ہے اور امریکہ اس سودے بازی کی سرپرستی کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام کشمیر کے خلاف کسی بھی قسم کی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
ڈاکٹر صابر ابو مریم نے کہا کہ سید علی گیلانی اور ان کے دیگر ساتھیوں نے اس لئے قربانیاں نہیں دی تھیں کہ دنیا کی دوسری حکومتیں کشمیر پر سودے بازی کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سید علی شاہ گیلانی کا مشن جاری رہے گا۔
فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ سید علی گیلانی کو انتھک جدوجہد اور بھارت کی جارحیت اور ریاستی دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے اعزاز میں بابائے حریت کا لقب دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سید علی گیلانی نے پاکستان کے ساتھ اپنے والہانہ عشق، عقیدت، جذبہ اور محبت کا اظہار ”ہم پاکستانی ہیں پاکستان ہمارا ہے“ کا نعرہ لگا کر کیا۔ ان کا یہ نعرہ آنے والی نسلوں کے لئے مشعل راہ ہے۔
ان کاکہنا تھا کہ کشمیر کا مسئلہ کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل ہونا چاہئیے اور کسی کو یہ حق حاصل نہیں کہ کشمیر کی قسمت اور مستقبل کا فیصلہ کرے۔
اس موقع پر انہوں نے کشمیر میں مسلسل بھارتی مظالم اور ریاستی دہشت گردی کی شدید مذمت کی اور کہا کہ بھارت کی غاصب اور جارح افواج کو صرف اور صرف مزاحمت کی زبان سے سمجھایا جاسکتا ہے۔اس موقع پر علی رضا، قاسم خان، محمد حیدر اور دیگر بھی موجود تھے۔