کراچی (مرکزاطلاعات فلسطین فاوؑنڈیشن) فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کی اپیل پر اہلیان کراچی کی بڑ ی تعداد شدید بارش کے باوجود کراچی پریس کلب کے باہر جمع ہو گئی اور مظلوم فلسطینیوں کے حق میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔مظاہرین نے گذشتہ دنوں حماس رہنما اسماعیل ھانیہ کے شہید ہونے والے تینوں بیٹوں کی تصاویر بھی اٹھا رکھی تھیں جبکہ ہاتھوں میں غزہ میں جارحیت بند کرو اور فلسطین میں نسل کشی کا ذمہ دار امریکہ ہے کہ بینرز اور پلے کارڈز بھی اٹھا رکھے تھے۔ مظاہرین نے گذشتہ رات ایران کی جانب سے اسرائیل کے خلاف کی جانے والی جوابی کاروائی سے متعلق مبارک باد کے پلے کارڈز بھی اٹھا رکھے تھے۔ فلسطینی عوام سے یکجہتی کے لئے منعقدہ احتجاجی مظاہرے میں شہر بھر سے سیاسی ومذہبی جماعتوں کے قائدین اور اقلیتی رہنماؤں سمیت سول سوسائٹی اور انسانی حقوق کی تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
احتجاجی مظاہرے سے ڈاکٹر صابر ابو مریم، محمد حسین محنتی، علامہ باقر زیدی، علامہ قاضی نورانی، علامہ عقیل انجم، اسرار عباسی، قاضی زاہد حسین، بشیر سدوزئی، جمشید حسین، انیل سنگھ، ثاقب نوشاہی، علامہ مبشر حسن، قاری عبد الوحید یونس، خالدہ اقبال نے خطاب کیا جبکہ ا س موقع پر، ثمرین زہرا، مہرین خان، داکٹر فضلی حسین، ڈاکٹر مدد علی صابری، مولانا صلاح الدین مجاہد، عمران مدنی، قاضی حسنین احمداور دیگر بھی موجود تھے۔
مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہاکہ مسلم دنیا کے بڑے بڑے ممالک امریکہ کی کاسہ لیسی میں مصروف ہیں لیکن ایران واحد اسلامی ملک ہے جس نے اسرائیل کے خلاف پچاس سالوں میں تاریخی جوابی کاروائی انجام دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایران کی حکومت اور قیادت کو شجاعت مندانہ اقدام پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور فلسطینیوں کی قاتل غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کے خلاف کامیاب جوابی کاروائی پر مبارک باد پیش کرتے ہیں۔
مقررین کاکہنا تھا کہ ہم حما س رہنما اسماعیل ھانیہ کو یقین دلاتے ہیں کہ پاکستان کے عوام ہمیشہ فلسطین کے ساتھ ہیں۔ مقررین نے گذشتہ دنوں اسرائیلی جارحیت میں شہید ہونے والے حماس رہنما اسماعیل ھانیہ کے تین بیٹوں کی شہادت پر امریکہ اور اسرائیل کی مذمت کی اور حماس رہنما کو تعزیت پیش کی۔ مقررین کاکہنا تھا کہ امریکہ غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی کا ذمہ دار ہے اور غزہ پر جارحیت کے خاتمہ تک ہمارا احتجاج جاری رہے گا۔احتجاجی مظاہرے کے شرکاء نے امریکہ، برطانیہ اور دیگر مغربی حکومتوں کی جانب سے اسرائیل کی مدد کرنے کی شدید مذمت کی۔ مقررین نے حکومت پاکستان سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ امریکہ کی کاسہ لیسی چھوڑ کر فلسطین کے مسئلہ پر قائد اعظم محمد علی جناح کے واضح اور دوٹوک موقف کے ساتھ عالمی سطح پر مقدمہ لڑے۔انہوں نے حکومت کے سست رویہ کی شدید مذمت کی۔ اس موقع پر مظاہرین نے مردہ باد امریکہ، اسرائیل نامنطور، شکریہ ایران، حماس اور حزب اللہ زند باد کے نعرے بھی لگائے۔