کراچی: (مرکز اطلاعات فلسطین فاانڈیشن) پاکستانی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل اپنی بدنیتی واضح کر چکا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل نے نہتے فلسطینیوں پر حملہ کرکے مہذب دنیا کے منہ پر طمانچہ مارا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ مغربی کنارے کے جنین میں وحشیانہ اسرائیلی چھاپوں اور فضائی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہیں جس میں 10 فلسطینی شہید اور 50 زخمی ہوئے ہیں۔ عالمی برادری کو فلسطینیوں کے خون کے اس بہے جانے کو روکنے کے لیے اب کارروائی کرنی چاہیے۔ میں جائز فلسطینی کاز اور جدوجہد کی بھرپور حمایت کا اعادہ کرتا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے پوری دنیا میں فلسطین کا مقدمہ لڑا۔ مظلوم فلسطینیوں کی آواز بن کر شہید بے نظیر بھٹو نے جرات مندانہ کردار ادا کیا۔ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ کی طرح فلسطین کے مظلوم انسانوں کے ساتھ کھڑے ہو کر اپنے عہد کو نبھا رہی ہے۔