Connect with us

اسرائیل کی تباہی میں اتنا وقت باقی ہے

  • دن
  • گھنٹے
  • منٹ
  • سیکنڈز

صیہونیزم

حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز کے چیف آف اسٹاف عز الدین الحداد شہید

غزہ – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز نے غزہ شہر میں قابض اسرائیل کی ایک بزدلانہ ٹارگٹڈ کارروائی کے نتیجے میں اپنے چیف آف اسٹاف عز الدین الحداد (ابو صھیب) کی شہادت کا اعلان کیا ہے۔ جمعرات کے روز کیے گئے اس غاصبانہ حملے میں وہ اپنی زوجہ، بیٹی اور متعدد دیگر شہریوں کے ہمراہ جامِ شہادت نوش کر گئے تھے۔

القسام بریگیڈز نے عسکری بیان میں کہا کہ کمانڈر عز الدین الحداد اس بزدلانہ قتل کی کارروائی کے دوران رتبہِ شہادت پر فائز ہوئے جسے اس مجرم دشمن نے انجام دیا جو کسی معاہدے اور عہد کا کوئی پاس نہیں رکھتا۔ بیان میں اشارہ کیا گیا کہ وہ بریگیڈز کے ممتاز ترین عسکری قائدین میں شمار ہوتے تھے اور انہوں نے گذشتہ آخری مرحلے کے دوران القسام بریگیڈز کے چیف آف اسٹاف کی کمان سنبھالی تھی۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ شہید قائد معرکہ ’طوفان الاقصیٰ‘ کے دوران اپنے دو بیٹوں صھیب اور مؤمن کی قربانی دے چکے تھے جو پہلے ہی شہید ہو گئے تھے اور اب وہ خود بھی جامِ شہادت نوش کر کے ان سے جا ملے۔

بریگیڈز نے انکشاف کیا کہ شہید قائد عز الدین الحداد نے اپنے عسکری سفر کے دوران انتہائی نمایاں قائدانہ ذمہ داریاں سرانجام دیں اور سات اکتوبر کے معرکے میں ان کا ایک کلیدی کردار رہا۔ انہوں نے غزہ بریگیڈ میں دفاعی معرکے کی قیادت کی اور بعد ازاں ایک انتہائی حساس اور نازک مرحلے پر دو عظیم شہیدوں محمد الضیف اور محمد السنوار کے بعد القسام کے چیف آف اسٹاف کا عہدہ سنبھالا۔

بیان میں اس بات کی تصدیق کی گئی کہ ان کی قیادت کے دور میں انہوں نے عسکری آپریشنز کو منظم کرنے اور معرکے کی رہنمائی میں بھرپور کردار ادا کیا جس کے دوران اہم ترین کامیابیاں حاصل ہوئیں جن میں قابض صہیونی عقوبت خانے سے سینکڑوں اسیران کی رہائی بھی شامل ہے۔

القسام بریگیڈز نے واضح کیا کہ شہادت کا یہ رتبہ وہ تمنا ہے جس کی آرزو اس غیور قوم کا ہر مجاہد کرتا ہے، چہ جائیکہ وہ قائدین جنہوں نے اپنی زندگیاں اسی راستے میں فنا کر دیں اور ہمیشہ اس منزل کے متلاشی رہے۔ بریگیڈز کا کہنا تھا کہ قائدین کی جدائی ان کے اس مبارک سفر کو ہرگز نہیں روک سکتی۔

بیان میں عزم کا اظہار کیا گیا کہ شہداء کا یہ قافلہ گذشتہ تقریباً ایک صدی سے رواں دواں ہے اور دشمنوں کو ان کے قتل سے عارضی خوشی کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوا جس کے بعد ان کا مقدر صرف مایوسی اور رسوائی بنی، جبکہ دوسری طرف ہیروز کی ایسی نئی نسلیں پروان چڑھیں جن کے دلوں میں وطن کی محبت، شہداء کا عہد اور انتقام کا پختہ عزم موجزن ہے۔

القسام بریگیڈز نے اس امر کی طرف اشارہ کیا کہ قابض اسرائیل کے مسلسل جرائم اور ان میں سب سے تازہ ترین یعنی قائد عز الدین الحداد کی ٹارگٹ کلنگ، اس کی سفاکیت کی انتہا اور تمام حدیں پار کر جانے کا ثبوت ہے جو معاہدوں کی عدم پاسداری اور کسی بھی قسم کی ثالثی کا لحاظ نہ رکھنے کو ظاہر کرتا ہے۔

بیان کے آخر میں اس پختہ عزم کا اعادہ کیا گیا کہ قائدین کو نشانہ بنانے سے مزاحمت کا سفر رکنے والا نہیں ہے اور یہ قافلہ مسلسل آگے بڑھتا رہے گا، انہوں نے قابض اسرائیل کے خلاف اس مڈبھیڑ کو پوری قوت کے ساتھ جاری رکھنے پر زور دیا۔

Click to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Copyright © 2018 PLF Pakistan. Designed & Maintained By: Creative Hub Pakistan