مقبوضہ مغربی کنارہ – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) مقبوضہ مغربی کنارے اور مقبوضہ بیت المقدس کے مختلف علاقوں پر بدھ کی صبح صیہونی فوج کی طرف سے مارے جانے والے چھاپوں، دھاووں اور تلاشی کے نام پر کی جانے والی توڑ پھوڑ کے دوران صیہونی اہلکاروں کی فائرنگ سے دو فلسطینی شہری ربڑ کی گولیوں سے شدید زخمی ہو گئے، جبکہ متعدد فلسطینیوں بشمول سابق اسیران کو حراست میں لے لیا گیا، نیز اس کے ساتھ ساتھ فلسطینیوں کے گھروں اور رہائش گاہوں پر صیہونی آباد کاروں کے دہشت گردانہ حملوں اور سڑکوں کی بندش کا سلسلہ بھی شدت کے ساتھ جاری رہا۔
گرفتاریاں اور گھروں کی حرمت پامال
صیہونی فوج کی ایک خصوصی کارروائی کرنے والی فورس نے رام اللہ سے تعلق رکھنے والے 25 سالہ مطلوب نوجوان نمر ایمن صالح کو طولکرم کی ضاحیہ ذنابہ کے علاقے سے گرفتار کر لیا۔
ضلع رام اللہ میں صیہونی فورسز نے شہر کے شمال مشرق میں واقع قصبے “سلواد” پر دھاوا بولا، جبکہ ضلع کے مغرب میں واقع دیہات رأس كركر اور خربثا بنی حارث کو ملانے والے راستے پر صیہونی فورسز کی طرف سے لگائے گئے لوہے کے پھاٹک کو عبور کرنے کی کوشش کرنے والے دو فلسطینی شہری صیہونی ربڑ کی گولیوں کا نشانہ بن کر شدید زخمی ہو گئے۔
علاوہ ازیں صیہونی فورسز نے طولکرم کے شمال میں واقع قصبے «عتيل» پر بھی چھاپہ مارا۔
شہر قلقيليہ میں صیہونی فورسز جنوبی چیک پوسٹ کے راستے داخل ہوئیں اور حی داوود کے علاقے میں ایک گھر اور تجارتی دکان پر دھاوا بولا، نیز سابق اسیر انس مالک داود اور محمد سلامہ کو ان کے گھروں کی حرمت پامال کرنے کے بعد حراست میں لے لیا۔
صیہونی فورسز نے قلقيليہ شہر میں گرفتاریوں اور چھاپوں کا ایک وسیع سلسلہ چلایا، جس میں متعدد شہریوں کو گرفتار کیا گیا جن میں اکثریت سابق فلسطینی اسیران کی ہے۔
نابلس، جنین اور مقبوضہ بیت المقدس پر صیہونی حملے
ضلع نابلس میں قابض صیہونی فورسز نے شہر کے جنوب میں واقع گاؤں «عورتا» اور مغرب میں واقع العين کیمپ پر چھاپہ مارا، نیز اس کے ساتھ ساتھ نابلس شہر پر بھی دھاوا بولا، جبکہ صیہونی آباد کاروں کے غنڈوں نے ضلع کے جنوب میں واقع گاؤں اللبن الشرقية میں ایک فلسطینی کے گھر پر وحشیانہ حملہ کیا۔
ضلع جنین میں، صیہونی فورسز نے شہر کے جنوب مغرب میں واقع گاؤں برطعہ پر چھاپہ مارا۔
جہاں تک مقبوضہ بیت المقدس کا تعلق ہے، صیہونی فورسز نے شہر کے شمال میں واقع مخيم شعفاط پر حملے کے دوران متعدد گھروں کی حرمت کو پامال کیا اور تلاشی کی آڑ میں توڑ پھوڑ کی۔
صیہونی آباد کاروں کی غنڈہ گردی اور راستوں کی بندش
ضلع الخلیل کے جنوب میں، الخلیل کے شمال میں واقع مخيم العروب میں شدید جھڑپیں شروع ہوئیں جس کے دوران صیہونی فورسز نے صوتی بم برساۓ، جبکہ صیہونی فوج کی سرپرستی میں صیہونی آباد کاروں کے غنڈوں نے دورا شہر پر دھاوا بولا۔
اسی طرح، مسلح آباد کاروں نے الخلیل کے جنوب میں مسافر یطا کے علاقے «خربة أقواويس» میں فلسطینیوں کی رہائش گاہوں پر حملہ کیا اور شہریوں کی املاک کو شدید نقصان پہنچایا۔
طوباس کے مشرق میں، صیہونی آباد کاروں کے غنڈوں نے قصبے تياسير کے مشرق میں واقع التجمع يرزا الشمالي کی طرف جانے والے راستے کو پتھر رکھ کر مکمل طور پر بند کر دیا اور ایک خیمہ بھی چوری کر کے لے گئے۔
یہ صیہونی تجاوزات مقبوضہ مغربی کنارے اور مقبوضہ بیت المقدس کے مختلف حصوں میں روزمرہ کی بنیاد پر جاری صیہونی چھاپوں، گرفتاریوں، تلاشی کی آڑ میں توڑ پھوڑ اور شہریوں و ان کی املاک کو نشانہ بنانے والے مظالم کا حصہ ہیں۔
