مقبوضہ مغربی کنارہ – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) قابض اسرائیلی فوج نے جمعہ کے روز مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوب میں واقع شہر الخلیل پر چھاپہ مارا اور فلسطینیوں کے مکانات میں توڑ پھوڑ کی، جبکہ اس کے ساتھ ہی فرش الهوى میں قائم فوجی چیک پوسٹ پر فائرنگ کے واقعے کے بعد شہر اور اس کے گردونواح کے قصبوں کا وسیع محاصرہ اور ناکہ بندی کر دی گئی۔ اس کارروائی کے نتیجے میں دو اسرائیلی فوجی ہلاک اور تین دیگر زخمی ہو گئے، جبکہ کارروائی کرنے والے دونوں مجاہدین قابض فورسز کی گولیوں کا نشانہ بن کر شہید ہو گئے۔
قابض فوج نے الخلیل شہر کے داخلی راستوں اور اس کی طرف جانے والی سڑکوں کو بند کر دیا اور اطراف کی چیک پوسٹوں پر اپنے فوجی اقدامات سخت کر دیے، جس نے شہر اور اس کے پڑوسی قصبوں و دیہات کے درمیان فلسطینیوں کی آمد و رفت کو مفلوج کر دیا، جبکہ علاقے میں فوجی گاڑیوں بھاری تعداد دیکھی گئی۔
ناکہ بندی میں الخلیل کے شمال میں حلحول چیک پوسٹ، جنوب میں واد السمن چیک پوسٹ، شہر کے جنوب مشرق میں الفحص چیک پوسٹ، مغرب میں تر قومیا کے قصبے میں المصانع چیک پوسٹ شامل ہیں، ان اقدامات نے شہریوں اور گاڑیوں کی آمد و رفت کو متاثر کیا اور مقامی آبادی کی نقل و حرکت کے ساتھ ساتھ تجارتی سرگرمیوں کو بھی شدید نقصان پہنچایا۔
اسی تناظر میں مقامی ذرائع کے مطابق اسرائیلی فوجی گاڑیوں نے الخلیل کے مغرب میں واقع عین دیر بحہ کے علاقے پر چھاپہ مارا، فلسطینی مکانات کی تلاشی لی اور جعبہ خاندان کے افراد سے میدانی تحقیقات و تفتیش کی، جس خاندان سے کارروائی کرنے والے دونوں شہداء کا تعلق تھا۔
قابض فوج نے اعلان کیا کہ اس کی فورسز الخلیل شہر اور اس کے گردونواح میں فوجی آپریشن کر رہی ہیں اور وہ کارروائی کرنے والوں کے مکانات کے ساتھ ساتھ دیگر ایسے افراد کے گھروں کی بھی تلاشی لے رہی ہیں جن پر اس واقعے سے تعلق کا شبہ ہے، جس کے ساتھ سیکیورٹی اقدامات کو مزید سخت اور علاقے پر فوجی محاصرہ مسلط کر دیا گیا ہے۔
دوسری طرف قابض حکومت کے سربراہ بنجمن نتن یاھو نے اس کارروائی کے بعد سکیورٹی اداروں کو الخلیل شہر پر فوجی محاصرہ مسلط کرنے اور مقبوضہ مغربی کنارے کو مکمل طور پر بند کرنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ یہ ایک ایسا قدم ہے جو شہروں اور قصبوں کے درمیان فلسطینیوں کی نقل و حرکت پر عائد پابندیوں میں مزید سختی کا پیش خیمہ ہے۔
یہ تمام تر اقدامات مقبوضہ مغربی کنارے میں بڑھتے ہوئے اسرائیلی چھاپوں ، حملوں، فلسطینی شہروں و قصبوں کے داخلی راستوں پر قائم عسکری پابندیوں کے تسلسل کے سائے میں سامنے آ رہے ہیں، جو شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کر رہے ہیں اور ان کی روزمرہ زندگی اور آمد و رفت میں شدید رکاوٹیں ڈال رہے ہیں۔
