غزہ (مرکزاطلاعات فلسطین فاوؑنڈیشن) فلسطینی میڈیا کے مطابق جمعرات کی صبح قابض فوج نے غزہ شہر کے مغرب میں الشفاء میڈیکل کمپلیکس کی ایک عمارت کو دھماکے سے اڑا دیا۔
الاقصیٰ چینل نے ٹیلی گرام کے ذریعے ایک مختصر بیان جاری کیا، جس میں کہا گیا کہ قابض فوج نے غزہ شہر کے مغرب میں الشفاء ہسپتال کے اسپیشلسٹ ڈیپارٹمنٹ کی عمارت کو دھماکے سے اڑا دیا۔
بمباری سے قبل قابض فوج نے لاؤڈ اسپیکرز کے ذریعے پے در پے وارننگ جاری کیں اور الشفا کمپلیکس کے اندر سے بے گھر ہونے والے لوگوں سے خصوصی سرجیکل عمارت پر بمباری کی تیاری کے لیے فوری طور پر انخلاء کی اپیل کی۔
یہ بمباری الشفاء کمپلیکس پر جاری حملے کے تناظر میں کی گئی ہے، جس پر قابض فوج نے گذشتہ پیر کی صبح سے ہی دھاوا بول دیا تھا۔اس جارحیت کے نتیجے میں کمپلیکس کے اندر ہی درجنوں افراد شہید ہو گئے تھے، اس کے علاوہ تقریباً 160 زیر حراست ہیں۔
سینکڑوں بے گھر افراد، مریض اور طبی عملہ کمپلیکس کے اندر موجود ہے جہاں قابض افواج تعینات ہیں۔