غزہ – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) غزہ کے مغرب میں ایک رہائشی اپارٹمنٹ کو صیہونی فورسز کی طرف سے نشانہ بنائے جانے کے نتیجے میں بدھ کی صبح ایک فلسطینی خاتون جامِ شہادت نوش کر گئیں جبکہ متعدد شہری شدید زخمی ہو گئے جن میں سے بعض کی حالت انتہائی تشویشناک ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ غزہ کی پٹی کے مختلف حصوں میں صیہونی توپ خانے کی شیلنگ اور اندھا دھند فائرنگ کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔
مقامی ذرائع نے بتایا کہ صیہونی جنگی طیاروں نے غزہ شہر کے مغرب میں واقع الرمل میں ابوطلال چوراہے کے قریب ایک رہائشی اپارٹمنٹ پر بمباری کی، جس کے نتیجے میں ایک خاتون شہید جبکہ متعدد شہری شدید زخمی ہوئے، جن میں سے بعض زخمیوں کی حالت انتہائی نازک بتائی جاتی ہے۔
غزہ شہر کے مشرق میں، صیہونی ٹینکوں نے مسلسل توپ خانے کی گولہ باری کے ساتھ ساتھ التفاح محلے کے مشرقی علاقوں پر شدید اور اندھا دھند فائرنگ کی۔
ان صیہونی تجاوزات کے دائرے کو وسعت دیتے ہوئے شہر کے مشرق میں واقع السدر، الصحابہ، الدرج، النفق اور یافا کے علاقوں پر بھی صیہونی فورسز نے شدید شیلنگ اور فائرنگ کی۔
پٹی کے وسطی حصے میں، صیہونی عسکری گاڑیوں نے مخيم البريج کے شمال میں شدید فائرنگ کی، جبکہ البريج کیمپ کے شمالی علاقوں اور دیر البلح شہر کے مشرقی حصوں کو صیہونی توپ خانے نے گولہ باری کا نشانہ بنایا۔
علاوہ ازیں ایک صیہونی ڈرون طیارے نے البریج محلے کے شمال مشرق میں عطيان چوراہے کے قریب ایک عارضی دکان پر میزائل داغا، جس کے نتیجے میں وہاں خوفناک آگ بھڑک اٹھی۔
پٹی کے جنوبی حصے میں، صیہونی عسکری گاڑیوں نے خان یونس شہر کے مشرق میں شدید فائرنگ کی، جبکہ صیہونی فورسز نے شہر کے جنوبی علاقوں میں روشنی کے بم گرائے۔
اسی سیاق و سباق میں، صیہونی فوج نے غزہ کی پٹی کے مختلف علاقوں میں جاری بمباری اور فائرنگ کے سائے میں، غزہ شہر کے مشرق میں واقع التفاح کالونی میں شارع صلاح الدین کے قریب نام نہاد ”یلو لائن“ کے دائرہِ کار کو مزید وسیع کر دیا ہے۔
