غزہ – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) غزہ سینٹر فار ہیومن رائٹس نے قابض اسرائیل کے لیے یورپی یونین کے سفیر مائیکل مان کے اقدامات اور نسل کشی کے بیانیے کو یورپی سرکاری سطح پر معمول کے مطابق قبول کرنے کی کوششوں پر شدید اور قطعی مذمت کا اظہار کیا ہے۔ مرکز نے اسرائیلی کنیسٹ کی خاتون ممبر میرو بن عاری کے ساتھ سفیر کی ملاقات پر سخت تنقید کی ہے، جو اپنے اس ہولناک اور صدمہ پہنچانے والے بیان کے لیے جانی جاتی ہیں جس میں انہوں نے غزہ کی پٹی کے معصوم بچوں کو ہی ان کے المناک انجام کا ذمہ دار ٹھہرانے کا مطالبہ کیا تھا۔
مرکز نے منگل کے روز جاری کردہ اپنے ایک بیان میں واضح کیا کہ یورپی یونین کے سفیر مائیکل مان نے بن عاری سے ملاقات کی اور رواں تیرہ مئی کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک ٹویٹ پوسٹ کی، جس میں انہوں نے قابض اسرائیل اور یورپی یونین کے درمیان مستقبل کے تعلقات پر اس خاتون کے ساتھ خیالات کے تبادلے پر دلی اطمینان کا اظہار کیا۔
انسانی حقوق کے مرکز کا موقف ہے کہ یہ ملاقات اور اس کے ساتھ کیا جانے والا مثبت تذکرہ ایک ایسی شخصیت کو سفارتی جواز فراہم کرتا ہے جس کے دستاویزی رجحانات یورپی یونین کی بنیادی اقدار اور انسانی حقوق کے عالمی منشور سے یکسر متصادم ہیں۔
مرکز نے اس بات پر زور دیا کہ یورپی یونین کا کوئی بھی اعلیٰ نمائندہ کسی ایسی شخصیت کے ساتھ عام طریقے سے پیش نہیں آ سکتا جس نے کھلم کھلا معصوم شہری بچوں کو ان کے اپنے قتل کا ذمہ دار ٹھہرانے کا مطالبہ کیا ہو، الا یہ کہ وہ اس ہولناک بیان کے خلاف ایک واضح اور اعلانیہ موقف اختیار کرے۔
غزہ سینٹر فار ہیومن رائٹس نے بن عاری کے ان بیانات کی ہولناکی کو دوبارہ یاد دلایا جسے کسی بھی صورت کم تر نہیں سمجھا جا سکتا۔ اکتوبر سنہ 2023ء میں اسرائیلی کنیسٹ کے فلور پر بن عاری نے اپنا وہ بیان داغا تھا جس کی بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیموں نے شدید مذمت کی تھی، اور اسے خبر رساں اداروں اور انسانی حقوق کے اداروں نے نشر کرنے کے ساتھ ساتھ ہیومن رائٹس واچ نے بھی ریکارڈ کا حصہ بنایا تھا۔ اس خاتون نے لفظ بہ لفظ کہا تھا: “غزہ کے بچے.. غزہ کے بچے یہ سب خود اپنے اوپر لائے ہیں۔ ہم ایک ایسی قوم ہیں جو امن سے رہتی ہے، ایک ایسی قوم جو زندگی کی تلاش میں ہے”۔ اس دن قابض اسرائیل کے غزہ کی پٹی پر وحشیانہ حملوں میں تقریباً ایک ہزار فلسطینی بچے شہید ہو چکے تھے، جبکہ آج یہ تعداد 21500 سے زائد شہید بچوں اور 42 ہزار سے زائد زخمی بچوں تک پہنچ چکی ہے، جن کے ساتھ ساتھ ہزاروں بچے لاپتہ اور یتیم ہو چکے ہیں، لیکن اس کے باوجود اس خاتون نے نہ معافی مانگی اور نہ اپنے بیان سے پیچھے ہٹیں۔
مرکز نے اس عزم کا اظہار کیا کہ یہ بیان کسی تاویل یا نرمی کا متحمل نہیں ہو سکتا، اور اسے فلسطینیوں بشمول بچوں کے خلاف قابض اسرائیل کی طرف سے جاری نسل کشی کے سیاق و سباق سے الگ نہیں کیا جا سکتا۔ مرکز نے واضح کیا کہ بچوں کے قومی یا جغرافیائی تعلق کی بنیاد پر ان کے قتل کا جواز پیش کرنا کوئی سیاسی رائے نہیں ہے، بلکہ یہ نسل کشی کا ایک ایسا دستاویزی بیانیہ ہے جو بین الاقوامی قانون کے تحت انسانیت کے خلاف جرائم کے دائرے میں آتا ہے۔
غزہ سینٹر فار ہیومن رائٹس نے اپنے اس پختہ موقف کا اعادہ کیا کہ بچوں کا تحفظ ایک مطلق ذمہ داری ہے جس میں کوئی استثنیٰ یا سمجھوتہ نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے زور دیا کہ بچوں کو نشانہ بنانے کے لیے کوئی بھی اخلاقی، قانونی یا سیاسی جواز تراشنا، خواہ اس کا کہنے والا کوئی بھی ہو، بچوں کے حقوق کے معاہدے اور بین الاقوامی انسانی حقوق کے قانون کی صریح خلاف ورزی ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ کسی بھی بہانے سے بچوں کو نشانہ بنانے پر پردہ ڈالنا، یا اس فاشسٹ بیانیے کو فروغ دینے والوں کے ساتھ بغیر کسی تحفظات کے معمول کے مطابق پیش آنا کسی بھی بین الاقوامی عہدیدار کے لیے ناقابل قبول ہے، اور یہ ان معیاروں کے بالکل منافی ہے جن کی نمائندگی یورپی یونین سے متوقع ہے۔
انہی حقائق کی بنیاد پر، غزہ سینٹر فار ہیومن رائٹس نے قابض اسرائیل کے لیے یورپی یونین کے سفیر مائیکل مان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس ملاقات اور بچوں کی نسل کشی کے بیانیے کو فروغ دینے والی کنیسٹ ممبر کے بارے میں تعریفی کلمات کہنے پر فوری طور پر علانیہ معافی مانگیں۔
مرکز نے بن عاری کے بیانات اور ان کی طرف سے کی جانے والی مجرمانہ اشتعال انگیزی پر یورپی موقف کے واضح اعلان کا بھی مطالبہ کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یورپی یونین کو شخصیات کو سفارتی جواز فراہم کرنے کے لیے اپنے ہی انسانی حقوق کے معیارات کا پابند رہنا چاہیے، خاص طور پر جہاں شہریوں اور معصوم بچوں کے تحفظ کا معاملہ ہو۔
آخر میں، مرکز نے یورپی کمیشن سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیلی حکام کے ساتھ سفارتی معاملات میں انسانی حقوق کی شرائط کے طریقہ کار پر نظرثانی کرے۔
