Connect with us

اسرائیل کی تباہی میں اتنا وقت باقی ہے

  • دن
  • گھنٹے
  • منٹ
  • سیکنڈز

صیہونیزم

غزہ وزارت اوقاف: 10 ہزار فلسطینی مسلسل تیسرے سال حج سے محروم

غزہ – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) غزہ کی پٹی میں وزارتِ اوقاف و مذہبی امور نے اعلان کیا ہے کہ قابض اسرائیل کی جانب سے مسلط کردہ نسل کشی کی ہولناک جنگ کے گذشتہ 3 برسوں کے دوران قطاع کے 10 ہزار سے زائد فلسطینیوں کو فریضہ حج کی ادائیگی سے محروم کر دیا گیا ہے۔

وزارت اوقاف نے بتایا کہ ان محروم کیے جانے والے افراد میں سے 71 خوش نصیب ایسے تھے جو سفر کے انتظار میں ہی خالقِ حقیقی سے جا ملے، جبکہ قابض دشمن کی جانب سے سرحدوں کی بندش اور وحشیانہ جنگ کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔

ان خیالات کا اظہار وزارت کے تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر امیر ابو العمرين نے وسطی قطاع غزہ کے شہر دیر البلح میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ انہوں نے نسل کشی کی جنگ اور گزرگاہوں کی بندش کے باعث فلسطینیوں کو مناسک حج سے محروم رکھنے کے المناک اثرات پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔

ابو العمرين نے کہا کہ گذشتہ تین برسوں کے دوران حج سے محروم رہنے والے فلسطینیوں کی تعداد 10 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے، جبکہ غزہ کا سالانہ حج کوٹہ تقریباً 2508 حاجیوں پر مشتمل ہے۔

انہوں نے وضاحت کی کہ غزہ کے 2473 فلسطینی ایسے تھے جو سنہ 2013 سے حج قرعہ اندازی میں کامیاب ہو چکے تھے اور اپنے سفر کے منتظر تھے، ان میں سے 71 افراد فریضہ حج کی ادائیگی سے قبل ہی وفات پا گئے، جبکہ 2402 دیگر افراد آج تک سفر سے محروم ہیں۔

ابو العمرين نے اس بات پر زور دیا کہ فریضہ حج کی ادائیگی ایک بنیادی مذہبی اور انسانی حق ہے جس کا مسلمان بڑی تڑپ کے ساتھ انتظار کرتے ہیں، لیکن غزہ کے عازمینِ حج جنگ، محاصرے اور گزرگاہوں کی بندش کی وجہ سے مسلسل تیسرے سال بھی اس سے محروم ہیں۔

انہوں نے اشارہ کیا کہ غزہ میں ہزاروں فلسطینی برسوں پہلے حج کے تمام طریقہ کار مکمل کر چکے ہیں اور مطلوبہ فیسیں بھی جمع کروا دی تھیں، لیکن وہ اب تک سفر کرنے سے قاصر ہیں۔

ابو العمرين نے اس بات کی تصدیق کی کہ غزہ کے فلسطینیوں کو حج سے محروم رکھنا ان بین الاقوامی چارٹرز کی سنگین خلاف ورزی ہے جو عبادت کی آزادی، نقل و حرکت اور مقدس مقامات تک رسائی کی ضمانت دیتے ہیں۔

انہوں نے عالمی برادری، مملکت سعودی عرب اور مصر سے مطالبہ کیا کہ وہ غزہ کے حاجیوں کے سفر کو یقینی بنانے کے لیے فوری مداخلت کریں اور انسانی و مذہبی بنیادوں پر گزرگاہوں کو کھولنے کے لیے اقدامات کریں۔

انہوں نے خادم الحرمین الشریفین سے بھی درخواست کی کہ شاہی اعزازی کوٹے (مکرمہ) میں توسیع کی جائے تاکہ غزہ میں فلسطینی شہدا کے لواحقین کی بڑی تعداد اس میں شامل ہو سکے۔

دوسری جانب حج و عمرہ کمپنی کے مالک صالح جبر نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ہزاروں فلسطینیوں کو ان کے فطری اور اصیل حق سے محروم رکھا گیا ہے، جبکہ انسانی صورتحال انتہائی تباہ کن ہو چکی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ انتظار کے برسوں کے دوران درجنوں حاجی وفات پا چکے ہیں، انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایسے غیر معمولی اور فوری میکانزم بنائے جائیں جو حاجیوں کے سفر کو یقینی بنائیں تاکہ اسلام کے پانچویں رکن کی ادائیگی کا تاریخی موقع ان کے ہاتھ سے ضائع نہ ہو۔

قابض اسرائیل کی جانب سے غزہ کی گزرگاہوں کی مسلسل بندش اور نسل کشی کی جنگ کے نتیجے میں ابتر انسانی و سکیورٹی حالات کے باعث مسلسل تیسرے سال بھی اہل غزہ حج کی سعادت سے محروم ہیں۔

واضح رہے کہ رام اللہ میں وزارتِ اوقاف نے گذشتہ سنہ 2026، 3 مارچ کو غزہ کے حاجیوں کا بقیہ کوٹہ مغربی کنارے اور القدس گورنری کے اضلاع کو منتقل کرنے کا اعلان کیا تھا، جسے اس سال کے لیے ایک عارضی اور غیر معمولی اقدام قرار دیا گیا۔

وزارت نے اس وقت کہا تھا کہ یہ فیصلہ سعودی عرب کی وزارتِ حج و عمرہ کے ساتھ دستخط شدہ پروٹوکول کے تحت وقت کی کمی کے باعث کیا گیا، جس میں حج ویزوں کے اجراء کے لیے سنہ 2026، 20 مارچ کی آخری تاریخ مقرر کی گئی تھی۔

غزہ میں فلسطینی عوام قابض اسرائیل کی نسل کشی کے تداعيات اور برسوں سے نقل و حرکت اور سفر پر عائد پابندیوں کی وجہ سے انتہائی کٹھن انسانی اور معیشتی حالات زندگی گزار رہے ہیں۔

اہل قطاع کی مشکلات میں مسلسل محاصرے، وسیع پیمانے پر ہونے والی تباہی اور خوراک، ادویات و ایندھن کی شدید قلت نے اضافہ کر دیا ہے، جبکہ لاکھوں فلسطینی بنیادی سہولیات سے محروم گنجان آباد علاقوں میں بار بار نقل مکانی پر مجبور ہیں۔

قابض اسرائیل نے مئی سنہ 2024 میں رفح گزرگاہ پر قبضے کے بعد اسے مکمل طور پر بند کر دیا تھا جو فلسطینیوں کے لیے بیرون ملک جانے کا واحد راستہ تھا، تاہم سنہ 2026، 2 فروری کو اسے مریضوں اور زخمیوں کے لیے انتہائی محدود پیمانے پر کھولا گیا، مگر آمد و رفت پر اب بھی سخت ترین پابندیاں برقرار ہیں۔

Click to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Copyright © 2018 PLF Pakistan. Designed & Maintained By: Creative Hub Pakistan