مقبوضہ بیت المقدس – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) مقبوضہ بیت المقدس کے شمال مشرق میں واقع شعفاط پناہ گزین کیمپ میں قابض اسرائیلی افواج نے اپنے معذور بھائی کو صہیونی درندگی سے بچانے کی کوشش کرنے والے ایک فلسطینی نوجوان کو بدترین تشدد کا نشانہ بنا کر چہرے پر زخمی کر دیا۔
القدس گورنری نے ایک بیان میں بتایا کہ نوجوان محمد العربی پر اس وقت قابض دشمن کے اہلکاروں نے دھاوا بولا جب وہ کیمپ کے اندر اپنے معذور بھائی کو صہیونی فوجیوں کے ہاتھوں گرفتاری اور حراست سے بچانے کی کوشش کر رہا تھا۔ اس دفاع کے جرم میں قابض دشمن نے اسے بے رحمی سے مارا پیٹا جس کے نتیجے میں وہ چہرے پر شدید زخمی ہو گیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کس طرح قابض اسرائیل کی سفاک افواج کیمپ پر دھاوے کے دوران ایک معذور بچے کا پیچھا کر رہی ہیں اور پھر اسے حراست میں لے کر تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے، یہ مناظر صہیونی درندگی کی ایک اور جیتی جاگتی تصویر ہیں۔
اسی تناظر میں قابض اسرائیلی افواج نے شعفاط کیمپ پر دھاوا بولا جس کے دوران عام شہریوں پر تشدد اور ان کی تذلیل کا سلسلہ جاری رہا جبکہ متعدد دکان داروں کو بھی نشانہ بنا کر ان کے کاروبار کو نقصان پہنچایا گیا۔
