فارس نیوز ایجنسی نے اسرائیلی اخبار “ہارٹز” سے نقل کرتے ہوئے خبر دی ہے کہ ترکی کے وزیراعظم رجب طیب اردگان کی بیگم امینہ اردگان نے اسرائیلی صدر شیمون پرز کو ایک جھوٹا انسان قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ڈیوس اجلاس میں مظلوم فلسطینی عوام کے بارے میں انکی جھوٹی باتوں کے باعث وہ رو پڑی تھیں۔ بیگم امینہ اردگان انقرہ میں فلسطینی خواتین سے ملاقات کے دوران ان سے خطاب کر رہی تھیں۔ انہوں نے 2009 کے ڈیوس اجلاس میں اپنے شوہر رجب طیب اردگان کے ردعمل کو سراہا اور کہا کہ میں سوچ رہی تھی کہ ایک ایسا شخص ہونا چاہئے جو شیمون پرز جیسے جھوٹے انسان کو مزید جھوٹ بولنے سے روکے۔ یاد رہے کہ اسرائیلی صدر شیمون پرز نے اس اجلاس میں غزہ پر اسرائیلی جارحیت کو حق بجانب قرار دیا جس پر ترک وزیراعظم رجب طیب اردگان نے شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اجلاس کو ترک کر دیا۔ بیگم امینہ اردگان نے کہا کہ شیمون پرز نے دنیا میں جھوٹ بولنے کے تمام ریکارڈ توڑ ڈالے ہیں۔