لاہور (مرکزاطلاعات فلسطین فاوؑنڈیشن) فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کی دعوت پر پاکستان کے دورے پر فلسطینی وفد نے لاہور میں امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی دفتر کا دورہ کیا جہاں انہوں نے نوجوانوں سے ملاقات کی۔ فلسطینی وفد کا استقبال آئی ایس ا وکے مرکزی صدر حسن عارف سمیت دیگر رہنماؤں بشمول اطہر عمران، علی مہدی، زاہدحسین اور دیگر نے کیا۔ فلسطینی وفد کی قیادت جہاد اسلامی فلسطین کے رہنما سید البرکہ کر رہے تھے جبکہ ان کے ہمراہ مجلس علمائے فلسطین کے صدر شیخ ادیب یاسر جی اور عالمی مہم برائے حق واپسی فلسطین کے سیکرٹری جنرل شیخ یوسف عباس اور فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم بھی موجودتھے۔
فلسطینی وفد کے اراکین نے نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں یہ قول مشہورتھا کہ تمام مسلم ممالک اسرائیل پر پانی کی بالٹی انڈیل دیں تو اسرائیل نابود ہو جائے گا لیکن آج آپ جوانوں کا جوش اور جذبہ دیکھ کر ہم یہ کہتے ہیں کہ اگر صرف پاکستان کے بائیس کروڑ عوام ہی غاصب اسرائیل کی طرف ایک ایک گلاس پانی انڈیل دیں تو یقینی طور پر اسرائیل نابود ہو جائے گا۔ان کاکہنا تھا کہ ہمیں یہ سوچنا چاہئیے کہ جب دنیا بھر کے مسلمان فلسطینیوں سے محبت کرتے ہیں تو پھر فلسطین آزاد کیوں نہیں ہوتا؟ لہذا ہمیں عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر آئی ایس او کے صدر حسن عارف نے فلسطینی وفد کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب کے اختتام پر نوجوانوں کو فلسطینی اسکارف کا تحفہ بھی دیا گیا۔