کراچی۔ حکومت پاکستان مسئلہ فلسطین کے حل کے لئے اقوام متحدہ میں قرارداد پیش کرے۔فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کا ریفرنڈم بعنوان ”اسرائیل عالم انسانیت کے لئے خطرہ ” تحریک آزادی فلسطین میں اہم سنگ میل ہے۔ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی کراچی کے امیرمحمد حسین محنتی اور پاک ۔فلسطین فورم کے سربراہ اور رہنما فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان مظفر احمد ہاشمی نے فلسطین فاؤنڈیشن کے وفد سے گفتگو کے دوران کیا۔امیر جماعت اسلامی کراچی محمد حسین محنتی کا کہنا تھا کہ فلسطین میں گذشتہ 63برس سے مسلمانوں کو ظلم وستم کا نشانہ بنایا جا رہاہے جبکہ عالمی طاقتیں بالخصوص عرب حکمران خیانت کاری کے مرتکب ہو رہے ہیں ان کا کہنا تھا کہ عرب خائن ریاستوں کو چاہئیے کہ مسئلہ فلسطین کے حل کے لئے فلسطینی عوام کی امنگوں کے مطابق فلسطین کی حمایت کریں جبکہ پاکستان حکومت کو بھی چاہئیے کہ فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی اور اسرائیلی بربریت کے خلاف اقوام متحدہ میں اسرائیل کے خلاف قرارداد پیش کرے،اس موقع پر فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی رہنما مظفر احمد ہاشمی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کا فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی اور اسرائیل سے نفرت کا اظہار کرنے کے لئے ویب پولنگ ریفرنڈم بعنوان ”اسرائیل عالم انسانیت کے لئے خطرہ ہے” تحریک آزادی فلسطین میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہو گا جبکہ دنیا بھر کو پاکستانی عوام کی غاصب صہیونی ریاست اسرائیل کے بارے میں آراء سے آگاہ کرنے میں اہم قدم ثابت ہو گا،انہوں نے پاکستان کے عوام سے اپیل کی کہ پاکستانی عوام www.plfpakistan.comپر ویب پولنگ ریفرنڈم میں بھرپور حصہ لیں اور اپنی رائے کا اظہار کریں۔اس موقع پر فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے وفد نے امیر جماعت اسلامی کراچی اور رہنما PLFمظفر احمد ہاشمی کو ریفرنڈم کے حوالے سے بریفنگ دی اور 14مئی کو ملک میں ہونے والے اسرائیل نامنظور احتجاجی مظاہروں کے بارے میں بھی بتایا ۔