پاکستان نے مقبوضہ بیت المقدس کے مشرقی حصے میں اسرائیل کی اشتعال انگیز اور جارحانہ کارروائیوں پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ایک آزادانہ اورخود مختار فلسطینی ریاست کے قیام کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا ہے، فلسطینی ریاست کا دارالحکومت بیت المقدس ہونا چاہیے- اقوام متحدہ میں پاکستان کے قائمقام مستقل مندوب رضا بشیر تارڑ نے سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مشرق وسطی میں عالمی برادری کی ناکامی سے پورے خطے پر بالخصوص اور پوری دنیا پر بالعموم خطرناک اثرات مرتب ہو رہے ہیں- عالمی برادری میں اس بات پر اتفاق پایا جاتا ہے کہ مشرق وسطی میں قیام امن ناگزیر ہے- مسئلہ کے حل کیلئے فلسطین اور اسرائیل کے درمیان مذاکرات کی بحالی نہایت ضروری ہے-