واشنگٹن (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) کینیڈا، برطانیہ، آسٹریلیا، جاپان اور دیگر 6 ممالک نے لبنان میں جاری جھڑپوں کے فوری خاتمے کا مطالبہ کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے امن دستوں کے اہلکاروں کی ہلاکتوں کی شدید مذمت کی ہے۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق مشترکہ بیان میں آسٹریلیا، برازیل، کینیڈا، کولمبیا، انڈونیشیا، جاپان، اردن، سیرالیون، سوئٹزرلینڈ اور برطانیہ نے کہا کہ انہیں لبنان میں بگڑتی ہوئی انسانی صورتحال اور بے گھر ہونے والے افراد کے بحران پر گہری تشویش ہے۔
یہ بیان گزشتہ ماہ تین انڈونیشین امن اہلکاروں کی ہلاکت کے بعد سامنے آیا ہے۔ اقوام متحدہ کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایک اہلکار اسرائیلی ٹینک کے گولے سے جبکہ دو ایک دیسی ساختہ بم (IED) کے ذریعے ہلاک ہوئے، جس کا شبہ حزب اللہ پر ظاہر کیا گیا ہے۔
اسرائیل نے 2 مارچ کو حزب اللہ کی جانب سے میزائل حملوں کے بعد لبنان پر فضائی حملوں میں شدت پیدا کی، جو امریکہ اور اسرائیل کی ایران کے خلاف جنگ کے آغاز کے چند دن بعد شروع ہوئے تھے۔ بعد ازاں اسرائیل نے جنوبی لبنان میں زمینی کارروائی بھی وسیع کر دی، جس کے نتیجے میں لاکھوں افراد کو اپنے گھروں سے نقل مکانی کرنا پڑی۔
لبنانی حکام کے مطابق مارچ سے اب تک اسرائیلی حملوں میں 2 ہزار سے زائد افراد جاں بحق جبکہ تقریباً 12 لاکھ افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔