مقبوضہ بیت المقدس – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) قابض اسرائیلی افواج کی جانب سے پرانے بیت المقدس شہر کے دروازوں اور مسجد اقصیٰ کی طرف جانے والے راستوں پر عائد سخت فوجی پابندیوں کے باوجود جمعہ کے روز دسیوں ہزار نمازیوں نے مسجد اقصیٰ مبارک میں نماز جمعہ ادا کی۔
نمازی صبح سویرے سے ہی پرانے شہر کے دروازوں بالخصوص باب العامود کے راستے مسجد کی طرف امڈ آئے، جبکہ قابض فوج نے ان میں سے متعدد افراد کو روک کر ان کی تلاشی لی اور شناختی دستاویزات کی جانچ پڑتال کی اور اسی دوران مسجد کے اطراف اور وہاں جانے والے راستوں پر اسرائیلی اہلکاروں کی بھاری نفری تعینات رہی۔
فوجی پابندیوں کے باوجود مسجد اقصیٰ کے صحنوں میں نمازیوں کی بڑی تعداد دیکھنے میں آئی، جو مسجد تک رسائی اور اس کے صحنوں میں اپنی موجودگی کے حق پر ثابت قدمی کا اظہار کرنے کے لیے جوق در جوق پہنچے تھے۔
نماز جمعہ میں یہ بھرپور شرکت مسجد اقصیٰ کی طرف رخت سفر باندھنے اور اس کے صحنوں میں حاضری و رباط کو تیز کرنے کی مسلسل فلسطینی اپیلوں کے جواب میں سامنے آئی ہے، جس کا مقصد مسجد کی اسلامی شناخت کا دفاع کرنا اور قابض افواج کی سرپرستی میں آباد کاروں کے بڑھتے ہوئے دھاووں اور تلمودی رسومات کی ادائیگی کے تناظر میں نئے زمینی حقائق مسلط کرنے و قبضہ مستحکم کرنے کی اسرائیلی کوششوں کو مسترد کرنا ہے۔
واضح رہے کہ قابض حکام پرانے شہر کے دروازوں اور مسجد اقصیٰ کے داخلی راستوں پر تلاشی و جانچ پڑتال کے سخت اقدامات اور متعدد فلسطینیوں بالخصوص نوجوانوں کو مسجد میں داخل ہونے سے روک کر نمازیوں کی رسائی پر کڑی پابندیاں عائد کیے ہوئے ہیں، جس سے مذہبی آزادی سلب ہو رہی ہے اور فلسطینی اپنے اہم ترین اسلامی مقدس مقام تک پہنچنے سے محروم ہو رہے ہیں۔
