مقبوضہ بیت المقدس – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) قابض صہیونی حکام نے جمعرات کے روز مقبوضہ بیت المقدس کے علاقے وادی الجوز میں واقع الشابات الشاملہ سیکنڈری گرلز سکول کی انتظامیہ کو 30 دن کے اندر سکول بند کرنے کی مہلت دے دی ہے۔ یہ اقدام سکول پر چھاپے اور اس کی پرنسپل کو تفتیش کے لیے طلب کیے جانے کے پانچ ماہ بعد سامنے آیا ہے۔
گورنری بیت المقدس کے شعبہ اطلاعات نے بتایا کہ قابض افواج نے سکول پر دھاوا بولا اور اس کی انتظامیہ کو ایک حکم نامہ تھمایا جس کے تحت سکول کو 30 روز میں بند کرنے کا پابند کیا گیا ہے۔
یہ سکول مقبوضہ بیت المقدس میں محکمہ اوقاف اسلامیہ کے ماتحت کام کرتا ہے، اس فیصلے پر عمل درآمد کی صورت میں پہلے تعلیمی سمسٹر کے دوران ہی طالبات کی تعلیم منقطع ہونے کا شدید خطرہ ہے۔
واضح رہے کہ قابض افواج نے گزشتہ 17 جون کو بھی اس سکول پر چھاپہ مارا تھا، اس کے مختلف حصوں کی تلاشی لے کر سامان کو نقصان پہنچایا تھا اور بعد ازاں سکول کی پرنسپل کو تفتیش کے لیے طلب کیا تھا۔
وادی حلوہ انفارمیشن سینٹر نے دستاویزی شواہد کے ساتھ بتایا کہ اس چھاپے کے دوران قابض فوجیوں نے سکول سے فلسطینی پرچم، کوفیہ، کاغذات اور تعلیمی مواد ضبط کر لیا تھا۔
اس سے قبل مشرقی بیت المقدس میں اقوام متحدہ کے ادارے انروا کے سکولوں کو بھی بندش کا نشانہ بنایا جا چکا ہے، چنانچہ 8 مئی سنہ 2025ء کو قابض افواج نے تعلیمی اوقات کے دوران شعفاط پناہ گزین کیمپ میں واقع ادارے کے تین سکولوں پر دھاوا بول کر 550 سے زائد طلبہ و طالبات کو زبردستی ان کے کمرہ جماعت سے باہر نکال دیا تھا، جس کے بعد ادارے نے کہا تھا کہ وہ اس روز مشرقی بیت المقدس میں اپنے تمام چھ سکول خالی کرنے پر مجبور ہو گیا تھا۔
اقوام متحدہ کے دفتر برائے رابطہ انسانی امور اوچا کی جانب سے 11 ستمبر کو شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق سنہ 2026ء تا 2027ء کے تعلیمی سال کے آغاز پر بھی یہ تمام چھ سکول بدستور بند تھے۔
دفتر نے ان بندشوں کے علاوہ مغربی کنارے بشمول مشرقی بیت المقدس میں ایسے 84 سکولوں کی نشاندہی کی ہے جنہیں مسماری یا تعمیراتی کام روکنے کے احکامات کا سامنا ہے، جن میں سے بیشتر مشرقی بیت المقدس اور سی درجہ بند علاقوں میں واقع ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ان احکامات کی زد میں آنے والے سکولوں میں 12,855 طلبہ و طالبات زیر تعلیم ہیں جبکہ وہاں 1,076 اساتذہ و معلمات فرائض انجام دے رہے ہیں۔
