لاہور (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) لاہور کے زیر اہتمام فلسطین کے’’ عالمی یوم ارض‘‘ کے موقع پر ایک پر وقار تقریب کا انعقاد لاہور موچی دروازہ کے مقامی پارک میں تیس مارچ کو کیا گیا جس میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور فلسطینیوں کے حق میں آواز بلند کرتے ہوئے فلسطینی شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا اور شہداء کی یادمیں پارک میں گلاب کے پودوں کی شجر کاری کی۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کی اپیل پر ملک بھر میں تیس مارچ کو ’’عالمی یوم ار ض فلسطین‘‘ منایا گیا اور اس موقع پر گذشتہ برس تیس مارچ کو فلسطینیوں کی شروع ہونے والی ’’حق واپسی مارچ ‘‘کی تحریک کے شہداء کو زبردست خراج عقیدت بھی پیش کیا گیا۔ واضح رہے کہ دنیا بھر میں موجود فلسطینی عوام تیس مارچ کو فلسطین کا عالمی یوم ارض مناتے ہیں جبکہ گذشتہ برس اسی دن کو فلسطینیوں نے اپنے وطن واپسی کے حق کی تحریک یعنی حق واپسی مارچ کے مظاہروں کا آغاز کیا تھا جو تاحال جاری ہیں ۔اس تحریک حق واپسی میں ایک سال میں دو سو پچاس سے زائد فلسطینیوں نے جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے تاہم دنیا بھر میں فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی کے لئے یوم ارض کو یوم شہداء منایا جا رہاہے ۔
فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کی تقریب میں فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان لاہور کے ترجمان اور جمعیت علماء پاکستان کے رہنما عثمان محی الدین اور صاحبزادہ ایوب نے شرکت کی جبکہ اس موقع پر انجمن طلباء اسلام کے کارکنوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔مقامی پارک میں شہدائے فلسطین کی یاد میں گلاب کے پودے لگانے کی تقریب میں شریک عوام کی بڑی تعداد سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کاکہنا تھا کہ فلسطین فلسطینیوں کا وطن ہے اور دنیا کی کوئی بھی طاقت فلسطینیوں کو وطن واپس آنے سے نہیں روک سکتی ہے۔مقررین کاکہنا تھا کہ فلسطین نہ صرف فلسطینیوں کا بلکہ پورے عالم اسلام اور بشریت کی نجات کا مسئلہ ہے اور فلسطین کی آزادی پوری انسانیت کی آزادی ہے۔ان کاکہنا تھاکہ عالمی برادری اور انسانی حقوق کے اداروں کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ فلسطینی عوام کے بنیادی حقوق بالخصوص فلسطینی عوام کے حق واپسی کو یقینی بنائیں تا کہ فلسطین کے باسی اپنے وطن میں جا کر زنگی گزار سکیں۔