Connect with us

اسرائیل کی تباہی میں اتنا وقت باقی ہے

  • دن
  • گھنٹے
  • منٹ
  • سیکنڈز

پی ایل ایف نیوز

عالمی یوم ارض فلسطین پر آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد ، شہدائے ارض مقدس کو خراج عقیدت

کراچی (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے تحت فلسطینیوں کے عالمی یوم ارض فلسطین کے موقع پر آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد کراچی پریس کلب میں اکتیس مارچ اتوار کو کیا گیاجس میں پاکستان کی تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں سمیت سول سوسائٹی اور انسانی حقوق کے کارکنوں نے شرکت کی۔

فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کی آل پارٹیز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے غزہ پر جاری صہیونی جارحیت اور شام کے علاقے جولان کی پہاڑیوں پر اسرائیلی تسلط اور امریکی یکطرفہ فیصلوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ غزہ کو انسانی جیل بنا دیا گیا ہے جہاں ہر طرف سے صہیونیوں نے محاصرہ کر رکھا ہے اور بیس لاکھ سے زائد فلسطینیوں کی زندگیاں داؤ پر لگی ہوئی ہیں لیکن اقوام متحدہ سمیت عالمی ادارے اور انسانی حقوق کی تنظیمیں اسرائیل کے خلاف کسی قسم کا ایکشن لینے سے قاصر ہیں۔

مقررین کا کہنا تھا کہ فلسطینیوں پر ستر سا ل سے اسرائیلی مظالم جاری ہے اور ان مظالم کی براہ راست سرپرستی امریکی حکومت کر رہی ہے ۔ان کاکہنا تھا کہ فلسطینیوں کے قتل عام کی اصل ذمہ داری امریکی حکومت پر عائد ہوتی ہے۔ان کاکہنا تھا کہ امریکی صدر احمقانہ فیصلوں کے ذریعہ دنیا کا امن و امان خراب کرنے کی سازشوں میں مصروف ہیں ۔انہوں نے واضح کیا کہ القدس امریکی صدر کے کسی احمقانہ فیصلہ کے نتیجہ میں صہیونی جعلی ریاست کا دارلحکومت نہیں بن سکتا بلکہ القدس ہمیشہ سے فلسطین کا دارلحکومت تھا ، ہے اور رہے گا۔اسی طرح شام کی جولان پہاڑیوں کا علاقہ بھی امریکی صدر کے احمقانہ فیصلہ کی بنیاد پر اسرائیل کو نہیں دیا جا سکتا کیونکہ اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق بھی یہ علاقہ شام کا علاقہ تصور کیا جاتا ہے اور صہیونیوں نے غاصبانہ تسلط قائم کر رکھا ہے۔

مقررین نے حکومت پاکستان پر زور دیتے ہوئے کہا کہ فلسطین سے متعلق عرب حکمرانوں یا کسی اور ملک سے ہدایات لینے اور دباؤ کو قبول نہیں کیاجائے گا ۔مسئلہ فلسطین پر قائد اعظم محمد علی جناح اور علامہ اقبال کی پالیسی سنہرے اصول ہیں۔مقررین کاکہنا تھا کہ فلسطینیوں کے حق واپسی مارچ کی عظیم تحریک کی بھرپور حمایت جاری رکھی جائے گی ۔اس موقع پر انہوں نے ایک سال میں تحریک حق واپسی فلسطین کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ فلسطین فلسطینیوں کی زمین ہے جسے دنیا کی کوئی طاقت صہیونیوں کی جعلی ریاست اسرائیل کو نہیں دے سکتی۔انہوں نے گذشتہ دنوں پاکستان تشریف لائے ہوئے ملائیشیاکے وزیر اعظم مہاتیر محمد کے فلسطین حمایت بیانات اور اسرائیل کو دشمن قرار دینے کے بیان کی مکمل حمایت کا اعلان کیا اور آزادئ فلسطین کی راہ میں اسے ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔

واضح رہے کہ سنہ 1976ء میں صہیونیوں نے فلسطینی اراضی پر قبضہ بڑھانے کی کوشش کی تھی تاہم فلسطینیوں نے اپنا دفاع کرتے ہوئے جانوں کا نذرانہ پیش کیا تھا تاہم فلسطینی شہداء کی یاد میں دنیا بھر میں تیس مارچ کو فلسطینیوں کا عالمی یوم ارض فلسطین منایا جاتا ہے۔گزشتہ برس یوم ارض فلسطین پر فلسطینیوں نے حق واپسی کی عظیم تحریک کا آغاز کیا تھا جسے اس برس ایک سال مکمل ہو چکا ہے اور اس تحریک میں اب تک ڈھائی سو سے زائد نوجوان فلسطینی شہید ہوچکے ہیں لیکن ان کا نعرہ آج بھی فلسطین واپسی ہے۔آل پارٹیز کانفرنس سے حکومت پاکستان کی سابق مشیر ڈاکٹر عالیہ امام،جماعت اسلامی کے مرکزی رہنما اسد اللہ بھٹو، مسلم پرویز، متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سابق اراکین سندھ اسمبلی محفوظ یار خان،میجر (ر) قمر عباس،کامران فاروق، پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسرار عباسی، پاکستان مسلم لیگ نواز کے ازہر علی ہمدانی،پاکستان مسلم لیگ ق کے عبد الجلیل مروت، مجلس وحدت مسلمین پاکستا ن کے علامہ مبشر حسن،جمعیت علماء اسلام (ف)کے مولانا قاری عثمان، مولانا عبد الکریم عابد، جمعیت اہلحدیث کے علامہ عبد الخالق فریدی،آئی ایس او کراچی کے ریحان عابدی،جماعت اسلامی یوتھ کے امتیاز پالاری ،معروف مذہبی اسکالرفیصل عزیزی ،معاذ نظامی چشتی ، انجمن طلباء اسلام کے حافظ عمران مدنی اور صابر ابو مریم سمیت دیگر نے خطاب کیا جبکہ اس موقع پر، قاضی زاہد، وحید یونس، عمران شہزاد، انور بلوچ،عزیر قادری، طلحہ خان،مریم جاوید، علامہ فدا محمد، سلیم فاروقی،فلسطینی طلباء کے نمائندے محمد زیدان اور دیگر شریک تھے۔

Click to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Copyright © 2018 PLF Pakistan. Designed & Maintained By: Creative Hub Pakistan