Connect with us

اسرائیل کی تباہی میں اتنا وقت باقی ہے

  • دن
  • گھنٹے
  • منٹ
  • سیکنڈز

Uncategorized

واشنگٹن، فلسطینی فریقوں میں صلح کی کوششوں کو ناکام بنا رہا ہے؛ خالد مشعل کا الزام

khaled-mishaal-the-political-bureau-chairman-of-hamas8 اسلامی تحریک مزاحمت ۔ حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ خالد مشعل نے امریکا پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ فلسطینی مصالحتی عمل میں نقب لگانے کی کوشش کر رہا ہے۔ اس مقصد کے لئے وہ فلسطین کے صدر محمود عباس، جن کی اپنی مدت صدارت گذشتہ برس نو جنوری کو ختم ہو گئی تھی، پر دباو ڈال رہا ہے کہ وہ مصالحتی عمل کو مکمل نہ ہونے دیں۔ ان خیالات کا اظہا خالد مشعل نے پیر کے روز ماسکو میں روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف سے ملاقات کے بعد نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حماس اپنی تجویز کردہ ترامیم کی مصری مصالحتی دستاویز میں شمولیت کے بعد اس پر دستخط کرنے کو تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں مصر کا کردارانتہائی اہم ہے تاہم ہم فلسطینیوں کے درمیان اختلافات ختم کرانے کے لئے روس سمیت عالمی برادری کے کردار کو خوش آمدید کہیں گے۔ خالد مشعل نے اس ضمن میں روس کی جانب سے حماس کی حمایت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ماسکو کا یہ اقدام خطے کے تمام فریقوں اور خاص طور پر بنیادی کرداروں سے قریبی رابطہ قائم رکھنے کی خواہش کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا روس کی جانب سے حماس کے ساتھ تعلقات میں کسی قسم کی کمی نہیں آئی۔ میں نے روسی رہ نماوں سرگی لاروف اور سلطانوف سے ملاقاتیں کی ہیں۔ حالیہ دورے میں میری ان اہم رہ نماوں سے تیسری مرتبہ ملاقات ہوئی ہے۔ داریں اثنا خالد مشعل نے یہ بات زور دیکر کہی کہ ان کی تنظیم اپنے عسکری شعبے عز الدین القسام بریگیڈ کے کمانڈر محمود المبحوح کی دبئی میں شہادت کا بدلا لے گی۔ انہوں نے کہا کہ ابو العبد کو شہید کرنے والوں سے بدلا لینا ہمارا حق ہی نہیں بلکہ فریضہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک حماس اور اس کے متعلقہ شعبے اپنی عسکری کارروائی کے لئے مناسب جگہ اور وقت کا تعین خود کریں گے۔” اسرائیل کے اسیر فوجی کے تبادلے میں فلسطینی قیدیوں کی رہائی سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے خالد مشعل نے کہا کہ اس “ڈیل” سے متعلق مذاکرات اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کی سیاست بازی کے باعث ایک جگہ آ کر رک گئی ہیں۔ انہوں نے روسی ذرائع ابلاغ کو اہالیاں غزہ کے مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ علاقے کا محاصرہ فوری طور پر ختم کیا جائے اور گذشتہ برس اسرائیل کی جنگ سے ہونے والی تباہی کے بعد وہاں تعمیر نو اور بحالی کا کام دوبارہ شروع کرایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے لئے بڑے پیمانے پر رقوم کی ضرورت ہے۔ ہم تعمیر نو کے کام میں سہولت فراہمی کی کسی بھی عرب اور بین الاقوامی کوشش کو خوش آمدید کہیں گے۔ اس موقع پراظہار خیال کرتے ہوئے روسی وزیر خارجہ سرگی لاروف نے کہا کہ حماس کے سیاسی شعبے کے قائد اور ان کے وفد کے دیگر ارکان سے مذاکرات کا مقصد یہ ہے کہ مصر کی وساطت سے فلسطینیوں کی صفوں میں قومی وحدت کی کوششوں کے فروغ میں مدد فراہم کی جائے۔ یاد رہے کہ چار سال قبل فلسطین کے پارلیمانی انتخابات میں حماس کی لینڈ سلائیڈ کامیابی کے بعد خالد مشعل کا یہ تیسرا دورہ ماسکو ہے۔ انہیں اس دورے کی دعوت سرکاری طور پر دی گئی تھی۔ روسی ذرائع ابلاغ ان کے اس دورے کو انتہائی اہمیت دے رہے ہیں۔ خالد مشعل اور ان کے وفد کی سرگرمیوں کو روسی میڈیا نمایاں کوریج دے رہا ہے۔

Click to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Copyright © 2018 PLF Pakistan. Designed & Maintained By: Creative Hub Pakistan