رام اللہ – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) قابض اسرائیلی فوج نے منگل کی صبح رام اللہ کے مغرب میں واقع قصبے شقبا میں بغیر اجازت تعمیر کا بہانہ بنا کر زیرِ تعمیر دو گھروں کو مسمار کرنا شروع کر دیا۔
مقامی ذرائع نے بتایا کہ قابض فوج بلڈوزروں کے ہمراہ شقبا گاؤں کے علاقے ’العطاری‘ میں داخل ہوئی اور دونوں گھروں کو گرانے کا عمل شروع کر دیا۔
’العطاری‘ کا علاقہ سب سے زیادہ ہدف بننے والے علاقوں میں شمار ہوتا ہے، جہاں گزشتہ چند مہینوں کے دوران 15 سے زائد عمارتوں کو مسمار کیا گیا ہے، جن میں آباد گھر، زیرِ تعمیر مکانات اور حفاظتی دیواریں شامل ہیں۔
گزشتہ 24 مئی کو قابض فوج نے شقبا گاؤں میں شہری عبد اللہ عبد الغنی ثابت کے ایک منزلہ گھر کو مسمار کر دیا تھا۔ ایک دونم رقبے پر محیط اس مکان میں رہائشی کمرے، ایک سوئمنگ پول اور گھوڑوں کا اصطبل بھی شامل تھا۔
اسی مہینے کے دوران قابض فوج نے غرب اردن میں 42 گھروں کو مسمار کیا اور شہریوں کی 303 املاک کو تباہ کر دیا۔
اکتوبر 2023 میں نسل کشی کی جنگ شروع ہونے کے بعد سے، غرب اردن میں قابض فوج کی جانب سے گھروں کی مسماری کے 1969 اور املاک کو تباہ کرنے کے 8382 واقعات ریکارڈ کیے جا چکے ہیں۔
