مصر فلسطینی جماعتوں کے درمیان مفاہمت کیلئے ثالثی کا کردار عرب لیگ کے سپرد کرنے والا ہے-مصر کے اعلی ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ قاہرہ فلسطینی مذاکرات سے مکمل طور پر الگ ہو جائے گا- ذرائع کے مطابق مصر عرب لیگ سے وزراء خارجہ کی سطح پر فوری اجلاس کا مطالبہ کرے گا-وہ فلسطینی مذاکرات کے حوالے سے اپنی رپورٹ عرب لیگ کے حوالے کر دے گا جس میں بتایا گیا ہے کہ کن فریقوں نے فلسطینی مفاہمت میں روڑے اٹکائے- فلسطینی صدر محمود عباس کی جانب سے 24 جنوری 2010 کو صدارتی انتخابات کے انعقاد کے اعلان پر مصر براہ راست کوئی موقف اختیار نہیں کرے گا- ذرائع نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ مصری وزیر عمر سلیمان اور دیگر مصری رہنما جو فلسطینی مذاکرات کے حوالے سے تمام معاملات سے آگاہ ہیں وہ ایک رپورٹ تیار کریں گے جس میں ان تمام کوششوں کی تفصیلات بیان کی جائیگی -جو قاہرہ نے فلسطینی مذاکرات کے حوالے کی ہیں-