بیروت – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) لبنانی وزارت صحت نے ملک کے مختلف علاقوں پر جاری سفاکانہ حملوں کے تناظر میں اعلان کیا ہے کہ گذشتہ 2 مارچ سنہ 2026ء سے اب تک قابض اسرائیل کی جارحیت کے نتیجے میں شہید ہونے والے افراد کی تعداد 2124 ہو گئی ہے جبکہ 6921 شہری زخمی ہو چکے ہیں۔
قابض اسرائیل کی تازہ فضائی غارت گری میں مزید شہادتیں ریکارڈ کی گئی ہیں جن میں البقاع کے علاقے کی بستی سحمر میں چار شہداء بھی شامل ہیں۔ ان حملوں میں عمارتوں اور بنیادی ڈھانچے کو بڑے پیمانے پر تباہی کا نشانہ بنایا گیا ہے۔
لبنانی وزارت صحت کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران لبنان پر قابض اسرائیل کی جاری جارحیت کے نتیجے میں 35 فلسطینی و لبنانی بھائی شہید اور 159 زخمی ہوئے ہیں۔
صہیونی حملوں کا دائرہ کار صور اور النبطیہ کے شہروں تک پھیل گیا ہے جبکہ جنوبی لبنان کی درجنوں بستیوں کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے، جن میں طیر فلسہ، عین بعال، دیر کیفا، کفر رمان، بیت یاحون، قلاویہ، الشہابیہ، صدیقین اور عبا کے علاوہ جنوبی لبنان اور البقاع کی دیگر بستیاں شامل ہیں۔
اسی تناظر میں قابض اسرائیل کی فوج نے فضائی اور توپ خانے سے گولہ باری کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے جس کی زد میں صریفا، الریحان، شبعا، جباع، بلیدا، جویا اور قبریخا کے ساتھ ساتھ مشغرہ اور مشرق میں واقع سحمر کی بستیاں آئی ہیں۔
اس وحشیانہ بمباری کے متوازی قابض افواج نے جنوبی لبنان کے دیہات میں گھروں کو بلڈوز کرنے، مسمار کرنے اور بارود سے اڑانے کی کارروائیوں میں بھی تیزی پیدا کر دی ہے۔ ان کارروائیوں کا مرکز ميس الجبل نامی بستی رہی جہاں متعدد محلوں کو زمین بوس کر دیا گیا، جو کہ میدان جنگ میں صہیونی ریاست کی جانب سے کی جانے والی مسلسل نسل کشی اور سفاکیت کی واضح عکاسی کرتا ہے۔
