اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) کے ترجمان سامی ابو زھری نے کہا ہے کہ حماس کی جانب سے اسرائیل کے ساتھ قیدیوں کےتبادلے سے متعلق جرمنی کی تجاویز ابھی تک زیرغور ہیں، تاحال ان تجاویز کی روشنی میں کوئی حتمی نتیجہ اخذ نہیں کیا جا سکا ۔ اس سلسلے میں حماس کے راہنما باہمی بات چیت جاری رکھےہوئے ہیں۔
ترجمان نے اسرائیل کے بعض اخبارات میں شائع ان خبروں کی سختی سے تردید کی جن میں کہا گیا تھا کہ حماس نے جرمنی کی تجاویز کو تسلیم کرتے ہوئے قیدیوں کے تبادلے سے متعلق اپنا حتمی بیان جاری کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حماس کی جانب سے ابھی تک ایسا کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ جرمنی کی تجاویز پرغور وخوض کے بعد کوئی بیان جاری کیا جائے گا، تاحال یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ حماس کی جانب سے کوئی حتمی بیان کتنا جلدی سامنے آ سکتا ہے۔