اسلام آباد(مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) پاکستان کے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے فلسطین کی آزادی اور فلسطینی عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے مسلم ممالک سے مشترکہ اور مؤثر اقدامات کرنے پر زور دیا ہے۔
مقبوضہ بیت المقدس کے حوالے سے منعقدہ وزارتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ مقبوضہ بیت المقدس میں اسرائیلی اقدامات بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہیں۔ انہوں نے مسجد اقصیٰ میں انتہا پسند اسرائیلیوں کے دھاووں اور مقدس مقامات پر قبضے یا ان کا کنٹرول حاصل کرنے کی کوششوں کی بھی شدید مذمت کی۔
نائب وزیر اعظم نے کہا کہ مقدس مقامات کی حیثیت تبدیل کرنے یا ان پر کنٹرول حاصل کرنے کی کوئی بھی کوشش قابل قبول نہیں۔ انہوں نے عرب اور مسلم ممالک پر زور دیا کہ وہ فلسطینی عوام کے حقوق کے لیے اپنی کوششوں میں باہمی رابطے اور تعاون کو مزید مضبوط بنائیں۔
اسحاق ڈار نے غزہ کی بگڑتی ہوئی انسانی صورتحال پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جاری بحران کے باعث شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں اور انہیں خوراک اور پانی کی قلت کا سامنا ہے۔
انہوں نے مسلم ممالک پر زور دیا کہ وہ فلسطین اور بالخصوص مقبوضہ بیت المقدس کی صورتحال پر مسلسل توجہ برقرار رکھتے ہوئے فلسطینی عوام کے حق میں اجتماعی اور مؤثر آواز بلند کریں۔