پشاور(مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم نے پشاور میں سینئر صحافیوں اور کالم نویسوں کے ساتھ خصوصی ملاقات کی اور مسئلہ فلسطین و لبنان اور ایران پر امریکی و اسرائیلی جارحیت کے بعد موجودہ حالات پر گفتگو کی۔
ڈاکٹر صابر ابو مریم نے پشاور کے صحافیوں اور کالم نویسوں کے کردار کی تعریف کی اور کہا کہ فلسطین دنیا کا سب سے اہم ترین مسئلہ ہے۔ امریکہ کی سرپرستی میں اسرائیل نے غزہ اور لبنان میں نسل کشی کی ہے۔ غزہ میں اٹھارہ لاکھ اور لبنان میں بارہ لاکھ لوگ اسرائیلی جارحیت کی وجہ سے بے گھر ہیں۔ رہائشی عمارتوں سمیت اسپتالوں اور اسکولوں مساجد اور یونیورسٹیوں کو تباہ کر دیا گیا ہے۔ ایران پر امریکی و اسرائیلی جارحیت کا مقصد خطے کو تقسیم کرنا اور فلسطین کاز کو ختم کرنا ہے۔ امریکہ اور اسرائیل نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کو قتل کیا اور اسکول کے معصوم بچوں پر میزائل داغ کر 168 بچوں کو شہید کر دیا۔ امریکہ و اسرائیل کے جنگی جرائم نے خطے میں تباہی اور بربادی پھیلا رکھی ہے۔
انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین کے مسئلہ کا حل فلسطینی عوام کی رائے کے مطابق ہونا چاہیئے۔ امریکہ و یورپ سمیت کسی بھی ملک کو حق حاصل نہیں کہ وہ فلسطین کے مستقبل کا فیصلہ کریں۔ دنیا بھر کے صیہونیوں کے لیے علیحدہ ریاست کی ضرورت ہے تو پھر اسرائیل کو امریکہ یورپ یا کسی اور مقام پر منتقل کیا جائے۔
انہوں نے غزہ، لبنان، شام، یمن اور ایران سمیت خطے میں امریکی و اسرائیلی جارحیت کے واقعات کی شدید مذمت کی۔ پاکستان میں بھی امریکی سازشوں کا مقابلہ کرنے کے لیے باہمی اتحاد اور یکجہتی کے فروغ پر زور دیا۔ انہوں نے حماس اور حزب اللہ کی مزاحمت کے قانونی ہونے اور طوفان الاقصیٰ آپریشن کی کامیابیوں پر بھی روشنی ڈالی۔
انہوں نے کہا کہ پندرہ مئی کو ملک بھر میں یوم نکبہ کے تحت فلسطینی عوام کی حمایت میں پروگرام منعقد کئے جائیں گے۔ انہوں نے صحافی برادری سے درخواست کی کہ مسئلہ فلسطین کو اجاگر کرنے میں فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کا ساتھ دیں۔
تقریب کی میزبانی فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان پشاور چیپٹر کے غضنفر ایڈوکیٹ، اظہر علی اور دیگر نے کی۔
تقریب میں سینئر صحافیوں میں شمیم شاہد، ڈاکٹر عالمگیر آفریدی، سائرم انور، سیف الاسلام سیفی، فرمان اللہ جان،وقار احمد اعوان، ڈاکٹر اسرار احمد، مشتاق احمد شاہ، جاوید علی خلجی، عمر حیات، اظہر علی، شہزاد احمد، جہانزیب سرحدی، سجاد حسین، جاوید اقبال، ابو بکر صدیق، جاوید آفریدی، ناصر حسین، واجد شہزاد، امجد ہادی یوسفزئی، مبشر اسلام، جاوید آفریدی اور محمد حسن سمیت دیگر موجود تھے۔