غزہ – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) جنوبی غزہ کی پٹی کے علاقے مواصی خان یونس میں قابض اسرائیل کے ایک ڈرون حملے کے نتیجے میں ایک شہری شہید اور کئی دیگر زخمی ہو گئے، جبکہ چند روز قبل لگنے والے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ایک اور زخمی شہری نے جامِ شہادت نوش کیا۔
ہمارے نامہ نگار نے بتایا کہ جنوبی غزہ کی پٹی کے علاقے مواصی خان یونس میں الاقلیمی چوراہے کے گردونواح میں الزطمہ خاندان کے ایک خیمے پر اسرائیلی ڈرون کے حملے کے نتیجے میں ایک شہری شہید اور دیگر افراد زخمی ہو گئے۔
اسی طرح جمعرات کے روز غزہ کی پٹی کے مختلف علاقوں کو نشانہ بنانے والے قابض اسرائیلی بمباری اور فائرنگ کے نتیجے میں ایک اور شہری زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گیا جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے، جو کہ قابض دشمن کی طرف سے جنگ بندی کے معاہدے کی مسلسل خلاف ورزیوں کا تسلسل ہے۔
ایک مقامی ذریعے نے اطلاع دی کہ شہری مصعب البلبیسی شمالی غزہ کی پٹی کے علاقے جبانیہ کیمپ کو نشانہ بنانے والی اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں چند روز قبل لگنے والے کاری زخموں کی وجہ سے شہید ہو گئے۔
پٹی کے جنوب میں خان یونس کے علاقے مواصی میں العطار کے علاقے کے قریب ایک اسرائیلی ڈرون کی طرف سے کیے گئے حملے کے نتیجے میں متعدد شہری زخمی ہو گئے۔
ایک مقامی ذریعے نے بتایا کہ خان یونس کے مشرقی علاقوں کو نشانہ بناتے ہوئے شدید اسرائیلی توپ خانے سے بمباری کی گئی، جبکہ اس کے ساتھ ہی قابض فوج کی گاڑیوں کی طرف سے رفح کے علاقے مواصی کے جنوب میں بے گھر افراد کے خیموں پر اندھا دھند فائرنگ کی گئی۔
شہر غزہ میں، قابض فوج نے مشرقی علاقوں کو توپ خانے کی بمباری اور ٹینکوں نیز ہیلی کاپٹرز کی طرف سے شدید فائرنگ کا نشانہ بنایا۔
قابض فوج کے جنگی طیاروں نے غزہ شہر کے شمال مشرق میں محلہ التفاح کے مشرق میں السنافور چوراہے کے گردونواح میں ’لائن زرد‘ کے قریب غیر آباد رہائشی مکانات پر چار فضائی حملے کیے۔
ان حملوں میں ابو طارق البطش، ابو داود البطش، اور الزہارنہ اور السویسی خاندانوں کے مکانات کو نشانہ بنایا گیا۔
اس کے علاوہ قابض فوج نے شمالی غزہ کی پٹی کے مختلف علاقوں میں روشنی والے بم (فلیئر بم) پھینکے، جبکہ خان یونس کے جنوبی علاقوں میں قابض فوج کی گاڑیوں کی طرف سے فائرنگ کا سلسلہ ریکارڈ کیا گیا۔
یہ پیش رفت قابض دشمن کی طرف سے جنگ بندی کے معاہدے کی مسلسل خلاف ورزیوں کے درمیان سامنے آئی ہے، جبکہ غزہ میں وزارت صحت کے مطابق گزشتہ اکتوبر میں معاہدے پر دستخط ہونے کے بعد سے اب تک شہداء کی مجموعی تعداد 1431 اور زخمیوں کی تعداد 5026 تک پہنچ چکی ہے۔
