مقبوضہ مغربی کنارہ – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر سلفیت کے مشرق میں واقع قصبے یاسوف پر یہودی آباد کاروں کے حملے کے دوران زخمی ہونے والے شہری مشہور ياسين جمعرات کی شام زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گئے۔
سلفیت گورنمنٹ ہسپتال کے ڈائریکٹر محمد الرمحی نے تصدیق کی کہ شہری مشہور یاسین قصبے پر یہودی آباد کاروں کے حملے کے دوران لگنے والے کاری زخموں کی وجہ سے جامِ شہادت نوش کر گئے۔
یاسوف کے مشرق میں واقع علاقے النصبہ پر بستی ’حفات انطون‘ سے تعلق رکھنے والے یہودی آباد کاروں نے آج ایک حملہ کیا، جس کے دوران قابض اسرائیل کی فوج نے فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں دو شہری زخمی ہو گئے، جن میں سے ایک کو پیٹ میں گولی لگی جبکہ دوسرے کو پہلو میں گولی کا ٹکڑا لگا، اس کے علاوہ قابض فوج نے متعدد شہریوں کو گرفتار بھی کر لیا۔
علاوہ ازیں قابض فوج نے یاسوف میں الزيتونہ ایمبولینس کو روک لیا، اس کی چابی چھین کر دور پھینک دی، جس کے نتیجے میں امدادی عملے کے کام میں رکاوٹ پیدا ہوئی اور وہ اپنے فرائض انجام دینے سے محروم رہے۔
اسی طرح ہلالِ احمر سوسائٹی نے اعلان کیا کہ اس کے عملے نے رام اللہ کے قریب واقع علاقے دیر بزيع میں یہودی آباد کاروں کی طرف سے فائر کیے جانے والے اسپرے کی زد میں آنے والے چار افراد کو طبی امداد فراہم کی۔
واضح رہے کہ یہودی آباد کار مغربی کنارے میں شہریوں اور ان کی املاک پر روزانہ کی بنیاد پر دہشت گردانہ حملے کر رہے ہیں، جن کے نتیجے میں رواں برس کے آغاز سے اب تک لگ بھگ 20 شہداء اور متعدد زخمی ہو چکے ہیں۔
