غزہ، (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) فلسطینی وزارتِ صحت نے جمعرات کے روز اعلان کیا ہے کہ غزہ کی پٹی پر قابض اسرائیلی فوج کے حملوں اور جنگ بندی معاہدے کی مسلسل خلاف ورزیوں کے نتیجے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 10 فلسطینی شہید اور 25 زخمی ہو کر مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیے گئے۔
وزارتِ صحت نے فلسطینی شہداء اور زخمیوں سے متعلق اپنی روزانہ کی رپورٹ میں بتایا کہ اکتوبر 2025ء میں جنگ بندی کے نفاذ کے بعد سے شہداء کی تعداد بڑھ کر 1,283 جبکہ زخمیوں کی تعداد 4,248 ہو گئی ہے۔
وزارت نے مزید کہا کہ جنگ بندی کے نفاذ کے بعد 11 اکتوبر 2025ء سے طبی اور خصوصی امدادی ٹیموں نے تباہ شدہ گھروں اور عمارتوں کے ملبے سے 813 فلسطینیوں کی لاشیں نکالی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق متعدد شہداء اب بھی ملبے تلے اور سڑکوں پر پھنسے ہوئے ہیں، جبکہ مسلسل اسرائیلی بمباری اور خطرناک حالات کے باعث ایمبولینس اور شہری دفاع کی ٹیمیں ان تک پہنچنے اور لاشیں نکالنے سے قاصر ہیں۔
وزارتِ صحت کے مجموعی اعداد و شمار کے مطابق 7 اکتوبر 2023ء سے غزہ کی پٹی پر جاری اسرائیلی نسل کش جنگ کے نتیجے میں اب تک 73,417 فلسطینی شہید اور 174,360 زخمی ہو چکے ہیں، جن میں شدید اور تشویشناک حالت میں زخمی ہونے والے افراد بھی شامل ہیں۔
قابض اسرائیلی افواج غزہ میں جنگ بندی معاہدے کی مسلسل 315ویں روز بھی خلاف ورزیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ یہ معاہدہ عرب اور امریکی ثالثی کے نتیجے میں طے پایا تھا اور 10 اکتوبر 2025ء کو مصر کے شہر شرم الشیخ میں اس پر دستخط کیے گئے تھے۔