اسرائیل کے انتہاء پسند یہودیوں نے صہیونی فوج کے تعاون سے مقبوضہ بیت المقدس کے علاقے سلوان میں مکبر پہاڑ کی قریبی فاروق کالونی میں ایک تین منزلہ فلسطینی گھر پر قبضہ کر لیا ہے۔ مقامی ذرائع کے مطابق غاصب انتہاء پسند یہودیوں نے اسرائیلی پولیس کے تعاون سے جس گھر پر دھاوا بولا وہ علی قراعین نامی مرحوم شہری کے خاندان کے زیر استعمال ہے۔ اس گھر میں تین خاندان آباد ہیں جن کے کل افراد کی تعداد 20 ہے۔گھر میں متوفی علی احمد قراعین کے بیٹے، والدہ، بھتیجے اور دیگر رشتہ دار مقیم ہیں۔ سلوان میں انہدامی دھمکیوں کے زیر اثر گھروں کی دفاعی کمیٹی کے رکن فخری ابودیاب نے بتایا کہ گھر میں رہائش پذیر خاندانوں کو تین ماہ قبل گھر خالی کرنے کا نوٹس دیا گیا تھا جبکہ اہل خانہ کا غاصب یہودیوں سے تنازعہ تین سال سے جاری ہے۔ انتہاء پسند یہودیوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے یہ گھر مالک مکان کے بیٹے سے خرید رکھا ہے جبکہ قراعین خاندان کے افراد یہودیوں کے دعوے کی نفی کر رہے ہیں۔