حماس مستقبل کے انتخابات میں اپنے موقف اور پروگرام میں کوئی تبدیلی لائے بغیر بھاری کامیابی حاصل کرے گی، ان خیالات کا اظہار حماس رہنما ڈاکٹر محمود زہار نے غزہ میں ایک سیمنار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حماس فتح تنظیم کی طرح اپنے نظریے اور پروگرام میں کوئی تبدیلی نہیں لائے گی جیسا کہ بعض حلقے اس وقت لوگوں کو گمراہ کرنے کیلئے من گڑہت شوشے پھیلا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جن خاندنوں کے بچے آپسی تصادم میں شہید ہوئے ہیں وہ ایک دوسرے کے ساتھ مفاہمتی عمل کا آغازکریں تاکہ کلی سطح پر فلسطینیوں کے درمیان مفاہمتی عمل کو فروغ مل سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس مفاہمت کو آگے بڑھانے کیلئے پروگرام اور لائیحہ عمل میں تبدیلی لانا کوئی شرط نہیں ہے۔ حماس رہنما نے کہا کہ مصری حکومت فلسطینیوں کے زخموں پر مرہم رکھنے کا کردار ادا کرسکتی ہے. انہوں نے واضح کیا کہ ان کی حکومت کسی ملک کے ساتھ تعلقات بگاڑنے کے حق میں نہیں ہے۔ قیدیوں کے تبادلے کے بارے میں ڈاکٹر محمود نے کہا کہ اس عمل میں تعطل کا ذمہ دار اسرائیل ہے جس نے تسلیم شدہ معاہدے کی پاسداری نہیں کی۔