غزہ – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) غزہ کی پٹی میں جنگ بندی کے معاہدے کی صیہونی خلاف ورزیاں بدستور جاری ہیں۔ قابض اسرائیلی فوج نے امن معاہدے کو پامال کرتے ہوئے فضائی بمباری، توپ خانے کے حملوں اور براہ راست فائرنگ کا سلسلہ جاری رکھا، جس کے نتیجے میں کم از کم تین فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہو گئے۔
مقامی اور طبی ذرائع کے مطابق غزہ کے وسط میں واقع ‘ الیرموك گراؤنڈ’ کے سامنے پناہ گزینوں کے ایک خیمے پر قابض فوج کے ڈرون طیارے نے بمباری کی، جس کے نتیجے میں دو فلسطینی موقع پر ہی شہید اور دس سے زائد زخمی ہو گئے۔ عین اسی طرح غزہ ہی میں ہسپتال الوفا کے گردونواح اور الیرموك کے علاقوں کو بھی فضائی حملوں کا نشانہ بنایا گیا۔
ادھر جنوبی غزہ میں رفح کے علاقے ‘مواصی’ میں قابض فوج کے ٹینکوں اور گاڑیوں کی فائرنگ سے ایک اور فلسطینی شہید ہو گیا، جن کی لاش کو طبی عملے نے ‘مکعبات الصفراء’ کے قریب سے اٹھایا۔
دریں اثنا وسطی غزہ کے علاقے ‘زاویدہ’ میں مصری کمیٹی کے دفتر کے قریب ہونے والے ایک فضائی حملے میں کئی افراد زخمی ہوئے جن میں سے بعض کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
خان یونس کے وسط میں واقع “شارع القسام” پر قابض فوج کی فائرنگ سے ایک شہری زخمی ہوگیا۔ اس کے علاوہ مغربی خان یونس کے علاقے ‘مواصی’ میں ‘دريم بالاس’ چوک کے قریب ڈرون حملوں کے نتیجے میں پانچ افراد زخمی ہوئے جن میں ایک شخص شدید زخمی ہے۔ خان یونس کے مشرق اور جنوب میں قابض فوج کی توپ خانے کی بمباری اور فائرنگ کے نتیجے میں شہر کے مغرب میں واقع ‘النمساوی قبرستان’ کے علاقے میں مقیم بے سهارا پناہ گزینوں کے خیمے بھی براہ راست نشانہ بنے۔
غزہ کے جنوب مشرق میں محلہ ‘الزيتون’ کے مشرقی علاقوں پر بھی قابض گاڑیوں کی طرف سے گولہ باری کی گئی، جبکہ نام نہاد ‘یلو لائن’ کے اندر گھروں اور تنصیبات کو دھماکہ خیز مواد سے اڑانے کا مکروہ سلسلہ بھی جاری ہے۔
موصولہ اعداد و شمار کے مطابق صرف سوموار کو قابض فوج نے جنگ بندی معاہدے کی نو نئی خلاف ورزیاں کیں۔ یاد رہے کہ یہ معاہدہ اکتوبر سنہ 2025ء میں طے پایا تھا، مگر قابض دشمن کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے یہ انتہائی نازک صورتحال سے دوچار ہے۔
فلسطینی وزارت صحت کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق جنگ بندی کے نفاذ کے بعد سے اب تک شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 1,370 تک پہنچ گئی ہے، جبکہ 4,627 افراد زخمی ہو چکے ہیں اور 831 شہداء کی لاشیں ملبے سے نکالی جا چکی ہیں۔ اسی طرح سات اکتوبر سنہ 2023ء سے شروع ہونے والی اس وحشیانہ نسل کشی کے آغاز سے اب تک کل شہداء کی تعداد 73,684 اور زخمیوں کی تعداد 174,738 ہو چکی ہے۔ یہ مسلسل خلاف ورزیاں غزہ کے محاصرہ زدہ باسیوں کے مصائب میں مزید اضافے کا سبب بن رہی ہیں۔
