پاکستان (مرکزاطلاعات فلسطین فاوؑنڈیشن )حماس کی قابل فخر مقاومت پر خراج تحسین پیش کرنے اور مظلومین فلسطین سے اظہار یکجہتی کے لئے تحریک بیداری امت مصطفیٰ کے زیراہتمام 13 اکتوبر بروز جمعہ کو ملک گیر ’’یکجہتی فسلطین ریلیز‘‘ نکالی جائیں گی۔ یہ ریلیاں لاہور، اسلام آباد، کراچی، کوئٹہ، پشاور اور گلگت سمیت ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں منعقد ہونگی جن میں مرد و خواتین سمیت بچوں کی کثیر تعداد شریک ہوگی جبکہ تمام مکاتب فکر کے جید علمائے کرام، مشائخ عظام اور دیگر عمائدین ملت خطاب کریں گے۔ تحریک بیداری امت مصطفی کے زیر اہتمام مرکزی ریلی لاہور میں مسجد شہداء سے پنجاب اسمبلی تک نکالی جائے گی جس کی قیادت سربراہ تحریک بیداری امت مصطفی علامہ سید جواد نقوی کریں گے۔
علامہ سید جواد نقوی نے مسلم اقوام، حکام، روشن فکر دانشور، علمائے دین، جماعتوں، تنظیموں، غیور نوجوان اور دیگر طبقات سے اپیل کی کہ فلسطینیوں کی حمایت میں اپنے اپنے طور پر اس ہمہ گیر تحریک میں شامل اور سرگرم ہو جائیں چونکہ صیہونی حکومت اس علاقے کیلئے ایک مہلک اضافہ اور سراپا نقصان ہے جو بلا شبہ ختم اور نابود ہو جائے گی اور ان لوگوں کے ہاتھ صرف ذلت اور بدنامی لگے گی جنہوں نے اپنے تمام وسائل اس استکباری سیاست کیلئے وقف کر رکھے ہیں۔