غزہ – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے ترجمان حازم قاسم نے کہا ہے کہ حماس کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی اور عسکری سرگرمیوں کی طرف واپسی کے اسرائیلی دعوے اسرائیلی پروپیگنڈے کا حصہ ہیں جن کا مقصد معاہدے کی اپنی خلاف ورزیوں کو جائز قرار دینا اور تحریک کے خلاف اشتعال انگیزی کرنا ہے۔
حازم قاسم نے ایک پریس بیان میں اس بات کا اعادہ کیا کہ اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ جنگ بندی معاہدے اور روڈ میپ کی پاسداری کے لیے پرعزم ہے۔
حازم قاسم نے تمام فریقوں سے مطالبہ کیا کہ وہ قابض دشمن کو معاہدے پر عمل درآمد کرنے اور اپنے وعدوں کو پورا کرنے کا پابند بنائیں۔
واضح رہے کہ اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ نے اس سے قبل اس بات پر زور دیا تھا کہ قابض اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ گورنری کے سول پولیس ڈائریکٹر کرنل جمال أبو کمیل کا قتل، قابض دشمن کی جانب سے فلسطینی عوام کے خلاف کیے جانے والے سفاکانہ جرائم میں ایک اور گھناؤنا اضافہ ہے اور غزہ کی پٹی میں افراتفری اور انارکی پھیلانے کی اس کی مسلسل کوششوں کا تسلسل ہے۔
