بیروت، (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) لبنان کی قومی خبر رساں ایجنسی (NNA) کے مطابق پیر کی صبح جنوبی لبنان کے ایک قصبے پر اسرائیلی حملوں میں کم از کم 11 افراد شہید ہوئے، جن میں دو بچے اور دو طبی امدادی کارکن بھی شامل ہیں۔
NNA کے مطابق آدھی رات کے بعد اسرائیلی جنگی طیارے نے کفر رمان قصبے میں ایک رہائشی عمارت کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں دو شیر خوار بچوں سمیت 9 افراد شہید اور 5 دیگر زخمی ہوگئے۔
NNA نے مزید بتایا کہ کفر رمان میں ایک گاڑی پر اسرائیلی ڈرون حملے کے نتیجے میں دو طبی امدادی کارکن بھی شہید ہوئے۔
رات کے دوران اسرائیلی حملوں نے نبطیہ اور اس کے قریبی قصبے عرب سلیم کو بھی نشانہ بنایا، جبکہ دیر الزہرانی میں ایک عمارت بھی اسرائیلی حملے میں تباہ ہوگئی۔
اتوار کے روز بھی لبنان پر اسرائیلی حملوں میں کم از کم 7 افراد شہید ہوئے تھے۔