Connect with us

اسرائیل کی تباہی میں اتنا وقت باقی ہے

  • دن
  • گھنٹے
  • منٹ
  • سیکنڈز

پی ایل ایف نیوز

حکومت مسئلہ فلسطین پر قائد اعظم کی وضع کردہ پالیسی پر عمل کرے۔

اسلام آباد ( فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات ) فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی سیکرٹر ی جنرل صابر ابو مریم نے اسلام آباد میں ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے زیر اہتمام منعقدہ ’’حمایت فلسطین کانفرنس‘‘ میں شرکت کی اور اجلاس سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین فلسطینیوں کا وطن ہے اور دنیا کے مختلف ممالک سے فلسطین لا کر بسائے جانے والے غیر فلسطینی یہودیوں کا فلسطین پر کسی قسم کا کوئی حق نہیں ہے۔ انہوں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ حکومت عالمی سطح پر فلسطینیوں کے حق واپسی کی حمایت کرے اور مسئلہ فلسطین کے حل کے لئے فلسطینیوں کی فلسطین واپسی کو یقینی بنانے کےلئے عالمی برادری اور بین الاقوامی اداروں میں مؤثر کردار ادا کرے، انہوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ پاکستان میں صہیونی آلہ کاروں کی بڑھتی ہوئی پاکستان مخالف اور فلسطین مخالف سرگرمیوں کا سختی سے نوٹس لے اور ایسے عناصر کی بیخ کنی کی جائے۔

فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق حمایت فلسطین کانفرنس کی صدارت ملی یکجہتی کونسل کے مرکزی صدر صاحبزادہ ابو الخیر ذبیر نے کی جبکہ پاکستان مسلم لیگ نواز سے تعلق رکھنے والے سینیٹر راجہ ظفر الحق مہمان خصوصی تھے، اس موقع پر مہمانان گرامی میں فلسطینی سفیر حسنی محمد مصطفی سمیت جماعت اسلامی کے لیاقت بلوچ، ایران کے پاکستان میں سفیر محمد سرخابی، شام کے سفارت خانہ سے سیاسی اتاشی ہشام حسن، ترکی سفارت خانہ کے سیاسی اتاشی حسین امراہ، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری، مفتی گلزار نعیمی،علامہ عارف حسین واحدی، ممتاز ثاقب، راجہ فاضل حسین، علامہ امین شہیدی، رضیت باللہ، شمس الرحمان سواتی، ڈاکٹر علامہ محمد، ثاقب اکبر، عبد اللہ گل اور دیگر نے خطاب کیا۔

فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹر ی جنرل صابر ابو مریم نے کہا کہ امریکہ فلسطینیوں کو فلسطین سے نکال باہر کرنا چاہتا ہے تا کہ فلسطین پر صہیونیوں کا مکمل تسلط قائم کیاجائے اس عنوان سے امریکہ عرب اور دیگر مسلم ممالک پر دباؤ ڈال کر اسرائیل کے ساتھ دوستانہ تعلقات بنانے پر مجبور کر رہا ہے تا کہ فلسطینیوں کے حق میں اٹھنے والی آواز کو دبایا جائے ۔ ان کا کہنا تھا کہ اسی تسلسل میں امریکہ اور اسرائیل چاہتے ہیں کہ پاکستان کو ایک طرف مسئلہ کشمیر سے سبکدوش کر دیں تو دوسری جانب فلسطین کاز پر پاکستان کو صہیونی سازشوں کا شکار کر کے ملک کو غیر مستحکم کرنا چاہتے ہیں۔

فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل صابر ابو مریم کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سیاسی و مذہبی قیادت پر سنگین ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ مسئلہ فلسطین کے حوالے سے فلسطینی عوام کی امنگوں کے مطابق آواز اٹھائیں ۔ انہوں نے فلسطینی مزاحمت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے فلسطینی جماعتوں حماس، جہاد اسلامی، حزب اللہ، پاپولر فرنٹ سمیت دیگر کی جد وجہد کی تعریف کی او ر پاکستان کے عوام کی طرف سے بھرپور حمایت کی یقین دہانی کروائی، ان کا کہنا تھا کہ فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان نے مسئلہ فلسطین اور پاکستان پالیسی کے عنوان سے صدر مملکت اور وزیر اعظم کے نام تفصیلی مراسلہ جاری کیا ہے جس پر امید ہے کہ حکومت سنجیدگی سے اقدامات کرے گی۔

کانفرنس میں سیاسی ومذہبی جماعتوں کے نمائندوں سمیت سول سوسائٹی اراکین اور انسانی حقوق کے اداروں کے نمائندوں میں بشمول حمید الحسن رضوی، کمیل عباس، حاجی خالد سیف اللہ، علامہ سبطین شیرازی، پیر سعید احمد نقشبندی، علامہ حسنین عباس گردیزی، کاشف چوہدری، مولانا نعیم الحسن، پروفیسر خالد سیف، علامہ فرحت عباس، شاہد شمسی، اعجاز کاظمی، حافظ شاہد ، نجف علی اور مرتضی عباس سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

Click to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Copyright © 2018 PLF Pakistan. Designed & Maintained By: Creative Hub Pakistan