Connect with us

اسرائیل کی تباہی میں اتنا وقت باقی ہے

  • دن
  • گھنٹے
  • منٹ
  • سیکنڈز

Palestine

یوم القدس اور طوفان آزادی.

تحریر: ڈاکٹر صابر ابو مریم
سیکرٹری جنرل فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان
ماہ رمضان المبار ک کا آخری جمعہ جسے ہ جمعۃ الوداع کہتے ہیں دنیا بھر میں فلسطین کے نا م سے منسوب ہے۔ اس دن کو ”یوم القدس“ کے نام سے بھی یاد کیا جاتا ہے۔ اس دن کو یوم القدس کا لقب ایران میں اسلامی انقلاب کے بانی حضرت امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ نے دیا تھا۔ انہوں نے ایران میں انقلابی تحریک کی قیادت کرتے ہوئے عوام کو باقر کروایا تھا کہ ایران میں امریکی اور اسرائیلی اثر ورسوخ اور ایک ایسی حکومت کو ختم کرنا ہے جو امریکہ اور اسرائیل کے مفادات کے لئے کام کرتی ہے۔ یعنی سنہ1979سے پہلے ایرا ن میں قائم پہلوی حکومت۔لہذا رمضان المبارک کے آخری جمعہ کو یوم القدس قرار دیا گیااور پھر دیکھتے ہی دیکھتے فلسطین سمیت دنیا کے دیگر ممالک میں اقوام عالم نے اس دن کو فلسطینیوں کا دن منانا شروع کر دیا۔آج بھی یوم القدس پوری دنیا بشمول فلسطین میں فلسطین کی آزادی اور بیت المقدس کی بازیابی کا دن منایا جاتا ہے۔امام خمینی کے اس اقدام سے واضح طور پر ظاہر ہوتا ہے کہ امام خمینی کی جدوجہد صرف ایران تک محدود نہیں تھے بلکہ وہ پوری دنیا کے مسلمانوں اور انسانوں کی ظالم طاقتوں کے مقابلہ میں کامیابی کے خواہاں تھے۔ فلسطین کاز کی حمایت اور فلسطینیوں کے لئے جدوجہد بھی امام خمینی کی زندگی کا بے مثال نمونہ ہے۔
حالیہ ماہ رمضان المبارک کے آخری جمعہ کی آمد ہے۔ اس دن بھی یوم القدس منایا جائے گا۔ اس سال کا یوم القدس منفرد حیثیت کا حامل ہے۔ فلسطین کے علاقہ غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی جاری ہے۔ تینتیس ہزار کے لگ بھگ فلسطینی صرف غزہ کی پٹی میں گذشتہ چھ ماہ میں شہید ہو چکے ہیں۔ غاصب اسرائیلی حکومت نے منظم انداز میں فلسطینیوں کو قتل کیا، بے گھر کیا اور اب ان کی مد دکے راستے روک کر بھوک اور پیاس کی شدت سے فلسطینیوں پر زندگی تنگ کر نے میں مصروف عمل ہے۔
دنیا بھر میں غزہ کے مظلوموں کی حمایت میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر احتجاج، مظاہرے اور ریلیاں نکالی جا رہی ہیں۔ عوام اپنی حکومتوں سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ غزہ میں نسل کشی بند کی جائے۔ خود امریکہ میں بھی امریکی عوام اپنی حکومت سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ امریکی حکومت غزہ میں نسل کشی سے خود کو باہر نکال لے۔ پوری دنیا میں انسانی جذبہ بیدار ہے اور فلسطینیوں کی حمایت ہر انسان کی فہرست میں اول درجہ کی حیثیت رکھتی ہے۔
ایسے حالات میں رمضان المبار ک کے مقدس مہینہ میں آخری جمعہ کی آمد آمد ہے۔ مسلمانان عالم اور مسلمانان پاکستان اس جمعہ کے لئے خصوصی تیاریوں میں مصروف ہیں۔دوسری طرف فلسطینی مسلمان اقوام کی طرف سوالیہ نظروں سے بھی دیکھ رہے ہیں کہ کب تک ہم اپنی روز مرہ کی عادی نمازوں اور عبادات میں مشغول رہیں گے؟ کب تک ہم مساجد میں بیٹھ کر فقط دعائیں کرنے پر اکتفا کریں گے؟ فلسطین کے مظلوموں کی نگاہیں مسلمانان عالم کی طرف سوالیہ انداز میں اٹھی ہوئی ہیں۔ افسوس ہے کہ مسلمان اقوام کے پاس فلسطینیوں کے سوالوں کے جواب موجود نہیں ہے۔
فلسطینی عوام اپنے فیصلوں پر کاربند ہیں۔ انہوں نے طوفان اقصیٰ شروع کیا جسے اب طوفان آزادی کا نام دیا ہے۔اس سال رمضان کے مہینہ میں آخری جمعہ کویوم القدس کو بھی فلسطینیوں نے طوفان آزادی کا عنوان دیا ہے۔ یعنی فلسطینیوں نے اپنا فیصلہ سنا دیا ہے کہ یہ فلسطین کی آزادی کی جنگ ہے۔یہ فلسطینی عوام کی عزت اور آبرو اور ناموس کی جنگ ہے۔یہ جنگ پورے عالم اسلام کے دفاع اور انسانیت کی بقاء کی جنگ ہے۔ یوم القدس کا دن فلسطینیوں کا دن ہے۔ مظلوموں کا دن ہے۔ ظالموں کے خلاف صدائے احتجاج بلند کرنے کا دن ہے۔یہ دن ایسے حالات میں ہمارے درمیان واقع ہو رہاہے کہ جب ہمارے فلسطین کے بھائی اور بہنیں اور ہمارے بچے ایک ایک بوند پانی کو ترس رہے ہیں۔کھانے کو روٹی نہیں ہے۔پہننے کو لباس میسر نہیں ہے۔ جو بھی کوئی امداد آتی ہے اسے امریکہ اور اسرائیل کے حکم پر روک دیا جاتا ہے۔گذشتہ چند ہفتوں میں دو درجن بچے صرف اس لئے موت کی آغوش میں جا چکے ہیں کیونکہ ان کو پانی اور خوراک میسر نہ تھی۔یہ انتہائی درد ناک المیہ ہے۔
یوم القدس ہمی موقع فراہم کر رہاہے کہ ہم ایک مرتبہ پھر نئے عزم اور جذبہ کے ساتھ اپنی بیداری کا ثبوت دیں۔ آج فلسطین کے حق میں آواز اٹھانے کا مقصد یہ نہیں کہ ہم فلسطین کی مدد کر رہے ہیں بلکہ حقیقت میں ہم خود اپنی مدد کر رہے ہیں۔ آج یوم القدس ہمیں یہ موقع فراہم کر رہا ہے کہ ہم اپنی مدد کریں اپنے آپ کو ظالم اور شیطانی نظام سے نجات دلوائیں۔ اپنا حق ادا کریں۔ عبادات کے ساتھ ساتھ ایک ایسی فرض عبادت یعنی مظلوموں کی مدد کریں۔یوم القدس ہمیں یہ درس دیتا ہے کہ آئیں مظلوم انسانیت کی بقاء اور تحفظ کے لئے متحد ہو کر نکلیں۔ یہ دن اتحاد اور یکجہتی کا عملی نمونہ ہے۔یہ دن اللہ کے خاص ایام میں سے ایک ہے۔
یوم القدس کی اہمیت کو سمجھتے ہوئے فلسطین کی عوام اور مسئلہ فلسطین کی حمایت اور مدد سے کسی قسم کا دریغ نہیں کرنا چاہئیے۔عوام کی ذمہ داری ہے کہ وہ یوم القدس کے دن فلسطینی مظلوم عوام کے حق میں سڑکوں پر نکل آئیں۔ فلسطین کے لئے آواز بلند کریں۔ ظالم طاقتوں کے خلاف صدائے احتجاج بلند کریں۔اسی طرح حکومتوں کا فرض ہے کہ وہ یوم القدس کے دن خصوصی تقریبات منعقد کریں اور خاص طور پر پاکستان کی حکومت کو چاہئیے کہ وہ یوم القدس کے دن کو ملک بھر میں حکومتی سطح پرمنا کر غزہ کے مظلوم عوام کے زخموں پر مرہم پٹی کرے۔آئیں ہم سب مل کر آخری جمعہ یعنی25رمضان المبار ک کو اپنے دینی، اخلاقی، سیاسی اور انسانی فریضہ کی ادائیگی کے لئے یوم القدس کے عنوان سے منعقد ہونے والے اجتماعات میں بھرپور شرکت کریں اور یہ ثابت کر دیں کہ اہل پاکستان بیدار ہیں اور اہل پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے نظریات کے پاسدار ہیں کیونکہ ہمارے قائد کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ انہوں نے برصغیر میں سب سے پہلے یوم فلسطین یعینی یوم القدس منایا تھا۔انہوں نے سب سے پہلے فلسطین کے مظلوموں کے لئے فنڈ قائم کیا اور مالی مدد کی تھی۔آج ہمارا یہی فریضہ ہے کہ ہم یوم القدس کے دن اس بات کا عہد کریں کہ قائد اعظم محمد علی جناح کی وضع کردہ پالیسی پر گامزن رہیں گے اور فلسطین کے مظلوموں کیلئے سیاسی، اخلاقی اور انسانی ہر قسم کی مدد کریں گے۔ یہی یوم القدس کا پیغام ہے۔

Click to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Copyright © 2018 PLF Pakistan. Designed & Maintained By: Creative Hub Pakistan